جناح مسلم کالج آبپارہ کے طلبہ میں تصادم ، فائرنگ، دو طلبہ شدید زخمی
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے)آبپارہ میں جناح مسلم کالج کے طلبہ میں جمعرات کو اچانک تصادم ہوگیا ایک طالبعلم نے پستول سے اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے دو طلبہ شدید زخمی ہوگئے اسلام آباد کے ریڈ زون میں فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی سٹی احمد اقبال پولیس نفری سمیت وہاں پہنچ گئے فائرنگ کرنے والا طالبعلم فرار ہوگیا جبکہ دو زخمی طلبہ حماد اور حسنین کو پولی کلینک منتقل کردیا گیا ایس پی نے بتایا کہ ملزم طالبعلم ہارون ولد محمد یونس کی تلاش شروع کردی گئی ہے فائرنگ سے آبپارہ میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور کالج کے طلبہ خوف کے مارے ادھر ادھر بھاگتے رہے پولیس نے جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول بھی قبضہ میں لے لئے زخمی طلبہ کا بیان بھی ریکارڈ کرلیا گیا پولیس نے کالج انتظامیہ سے بھی رابطہ کیا اور اس بدنظمی کے بارے میں استفسار کیا مزید تفتیش جاری ہے