آئی ٹین گرین بیلٹ پر ہفتہ وار بازار کیلئے تعمیرات روکنے کا حکم
اسلام آباد ( وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے میونسپل کارپوریشن اسلام آباد کی جانب سے سیکٹرآئی ٹن کے گرین بیلٹ پر ہفتہ وار بازار کے لیے تعمیرات روکنے کا حکم دے دیا ہے جسٹس عامر فاروق نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو حکم دیا کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ گرین بیلٹ پر کوئی تعمیرات نہ ہوں عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے فرحان نذیر کیانی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ ایم سی آئی کی طرف سے ڈپٹی اٹارنی جنرل عبدالخالق تھند عدالت میں پیش ہوئے۔مئیر اسلام آباد نے یو سی چیئرمین کو سستا بازار لگانے کی اجازت دی تھی۔ جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ کیا تعمیراتی کام کا آغاز ہو گیا ہے ڈپٹی اٹارنی جنرل عبدالخالق تھند بولیتاحال کام کا آغاز نہیں کیا گیا جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر سی ڈی اے کے نمائندے نے پیش ہو کر کہا تھا کہ کام شروع ہو چکا ہے سستے بازار کی تعمیر کہاں کی جا رہی ہے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ٹینتھ ایونیو پر سستا بازار لگایا جا رہا ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا ٹینتھ ایونیو کوئی سڑک پر تو نہیں لگایا جا رہا نا؟ عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر مکمل دستاویزات کے ساتھ آئیں اور اس بات کو یقینی بنائیں گرین بیلٹ پر کوئی تعمیرات نہ ہوں عدالت نے گرین بیلٹ پر تعمیرات روکنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 15 فروری تک ملتوی کردی۔