قاتل کے اعتراف جرم کے بعد مزید کھینچا تانی بند کی جائے‘ مسرت لغاری
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ممتاز کالم نگار‘ مصنفہ‘ ادیبہ اور ویمن ہیومن رائٹس کی گولڈ میڈلسٹ مسرت لغاری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ قاتل کے اعتراف جرم کے بعد محض بات برائے بات کی خاطر حتمی اور فیصلہ کن جانورانہ جرم کی کھینچا تانی بند کی جائے۔فوری طورپر برسر عام سڑک پر پنجرہ رکھ کر اس میں بھیڑئیے چھوڑ کر قاتل درندے کو بھی اس میں چھوڑ دیا جائے تاکہ پوری قوم اس نظارے کو دیکھ کر سکون کا سانس لے سکے۔ اس طرح باقی مجرم بھیڑئیے بھی اپنے آئندہ کے عبرتناک انجام سے آگاہ ہوسکیں گے۔ انہوں نے کہا اگر فوری طور پر اور ضرور ایسا نہ کیا گیا تو ہر دوسرے گھر کی ہر دوسری زینب کا یہی سرخ حشر ہوتا رہے گا بلکہ ہر عمر کی خواتین اور بچے بچیوں کی عصمت و آبرو ہمیشہ کی طرح مستقلاً غیر محفوظ رہے گی۔ مسرت لغاری نے مزید کہا کہ حکومت سنگسار کرنے کی شرعی سزا کو بھی فوری طور پر اور مستقلاً لاگو کرنے کا حکم جاری کرے جسے میڈیا پر غیر ملکی فلموں‘ بے معنی ڈراموں اور اخلاق سوز پروگراموں کے بجائے روزانہ کی بنیاد پر دکھایا جائے اور سنگساری کا یہ سین دکھانے میں ایک دن کا بھی ناغہ نہ کیا جائے لمحہ موجود کے اس جان لیوا مسئلے کا یہی واحد حل ہے۔