ممنوعہ اسلحہ کے لائسنس کی تجدید پر پابندی‘ ہائیکورٹ نے وفاقی‘ صوبائی حکومتوں سے جواب مانگ لیا
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ممنوعہ اسلحہ لائسنس کی تجدید پر پابندی کیخلاف دائر درخواست پروفاقی اور صوبائی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔ ہائیکورٹ نے اسلحہ ڈیلرز کی درخواست پر سماعت کی جس میں ممنوعہ اسلحہ کے لائسنس کی تجدید نہ کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا وکیل نے بتایا کہ حکومت نے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے ممنوعہ اسلحہ کی تجدید پر پابندی لگا دی اور 31 جولائی 2017 تک تمام ممنوعہ اسلحہ واپس کرنے کا حکم دیا۔ مقررہ وقت تک اسلحہ واپس نہ کرنے پر 50 ہزار جرمانہ اور انتقامی کارروائی کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ وکیل نے استدعا کی کہ ممنوعہ اسلحہ کے لائسنس کی تجدید نہ کرنے کا نوٹس لے اور اسلحہ ڈیلرز کیخلاف تادیبی کارروائی روکے۔