180 روپے من گنا نہ خریدنے والی ملز کیخلاف کارروائی کی جائے، ہائیکورٹ
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے گنے کے سیزن میں شوگر ملز کی بندش کیخلاف دائر درخواستوں پر عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا اور کین کمشنر کو 180 روپے ریٹ نہ دینے والے ملز مالکان کے خلاف کارروائی کرکے عدالت میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے ایک ہی نوعیت مختلف درخواستوں پر سماعت کی جس میں شوگر ملز کی بندش اور 180 روپے کی بجائے 120 روپے فی من ادائیگی کے اقدامات کو چیلنج کیا گیا. درخواست گزار کسانوں کے وکلا نے بتایا کہ نہ تو تمام شوگر ملیں کھولی گئیں اور نہ 180 روپے فی من گنے کا ریٹ دیا جارہا ہے. وکلا نے نشاندہی کی کہ قانون کے تحت شوگر ملز مالکان اکتوبر سے ملز چلانے کے پابند ہیں لیکن شوگر ملز بند پڑی ہیں۔ شوگر ملز نہ چلنے سے گنے کے کاشتکاروں کا شدید نقصان ہو رہا ہے۔ چند کسانوں کی طرف سے عدالت کو بتایا گیا کہ شریف برادران کی شوگر ملز میں بھی کم قیمت پر گنا خریدا جا رہا ہے جس پر عدالت نے قرار دیا کہ اس بارے میں کین کمشنر کو درخواست دی جائے۔ وکلاء نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ گنے کی فصل بروقت نہ کاٹنے سے گندم کی بجائی تاخیر کا شکار ہو رہی ہے جس سے خوراک کی قلت کا سامنا ہو سکتا ہے۔