انٹر سپورٹس گالا سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا: ریاض پیر زادہ
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ آل پاکستان انٹر بورڈ سپورٹس گالا سے کھیلوں کا نیا ٹیلنٹ سامنے آنے کی توقع ہے جو انٹر نیشنل سطح پر ملک کا نام روشن کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز جناح سٹیڈیم میں پاکستان انٹر بورڈ سپورٹس گالا کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے دور وزارت میں یہ چوتھا انٹر بورڈ فیسٹیول ہے جو کہ ایک اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں یوتھ کو اپنی تمام تر صلاحیتوں کو دکھانے کا موقع ملتا ہے، اس ایونٹ سے نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر مسائل کے باوجود کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں کیں جس کا ثمر یوتھ کی صورت میسر آیا۔ گالا میں 18 بورڈز کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں فیصل آباد، ایبٹ آباد، بہاولپور، ڈی آئی خان، کراچی، کوہاٹ، لاہور، لاڑکانہ، مردان، مالاکنڈ، میرپور آزاد کشمیر، میرپور خاص، پشاور، راولپنڈی، سرگودھا، سوات، سکھر اور بنوں شامل ہیں۔ گرلز پانچ مقابلوں میں حصہ لیں گی جن میں اتھلیٹکس، نیٹ بال، رسہ کشی، ٹیبل ٹینس اور والی بال شامل ہیں۔