مکرمی! مال روڈ تا ہربنس پورہ نہر کے دونوں اطراف سڑک کی کشادگی کے بعد فتح گڑھ کا پل بند کر دیا گیا۔ جس کے باعث روزانہ ہزاروں لوگ خصوصاً سکول کی بچیوں کے لئے پیدل گزرنا بہت مشکل ہو گیا ہے۔ تیز رفتار ٹریفک کے باعث حادثات معمول بن گئے ہیں۔ روزانہ سڑک پار کرتے وقت درجنوں لوگ ٹریفک کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو جاتے ہیں۔ حکومت پنجاب اور اعلیٰ حکام ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں۔ پیدل گزرنے والوں کے لئے پل کی بنیاد بنائے تقریباً 3 ماہ ہو گئے ہیں لیکن بقایا کام آج تک مکمل نہ ہو سکا۔ خادم اعلیٰ اور اعلیٰ حکام سے اپیل ہے کہ اس پل کو فوری تعمیر کیا جائے تاکہ عوام آسانی سے آر پار جا سکیں۔ جب تک اس پیدل گزرگاہ کی تعمیر مکمل نہیں ہو جاتی اس وقت تک وہاں مستقل طور پر وارڈن تعینات کئے جائیں تاکہ عوام خصوصاً سکول کی بچیوں کو سڑک پار کرنے میں آسانی ہو‘ ٹریفک بھی کنٹرول ہو سکے اور آئے دن حادثات کا شکار ہونے والی قیمتی جانیں بچ سکیں۔ امید کی جاتی ہے کہ خادم اعلیٰ اس اجتماعی مسئلے پر ہمدردانہ غور کرتے ہوئے اس کو حل کرنے کے فوری احکامات صادر فرمائیں گے۔(ڈاکٹر محمد عرفان چودھری - فتح گڑھ لاہور)
میرے ذہن میں سمائے خوف کو تسلّی بخش جواب کی ضرورت
Apr 17, 2024