انتظار قتل کیس کی تفتیش : ایس ایس پی مقدس حیدر کلیئر، واقعہ لاپروائی کانتجیہ قرار
کراچی( کرائم رپورٹر) سی ٹی ڈی پولیس نے ڈیفنس میں اے سی ایل سی کے اہلکاروں کی فائرنگ سے نوجوان انتظار کی ہلاکت کے واقعے کی تفتیش، گن مین او ر پرسنل اسٹاف افسر کے فائرنگ میں ملوث ہونے کے باوجود ایس ایس پی اے سی ایل سی مقدس حیدر کو کلیئر قرار دے دیاگیا جب کہ فائرنگ کے وقت انتظار کے ساتھ موجود لڑکی مدیحہ اور لیلیٰ نامی دوسری لڑکی کا بھی مبینہ طو ر پر ایس ایس پی مقدس حیدر سے تعلق ثابت نہیں کیا جاسکا ۔واضح رہے کہ مقتول انتظار پر جن اہلکاروں نے فائرنگ کی ان میں ایس ایس پی مقدس حیدر کا پرسنل اسٹاف افسر بلال اور گن مین دانیال شامل تھا مقتول انتظار کے والد اشتیاق نے بھی قتل کی سازش میں ایس ایس پی مقدس حیدر اور مدیحہ کیانی کے ملوث ہونے کا الزام لگایا تھا تاہم معلوم ہوا ہے کہ تفتیش میں نہ صرف ان دونوں کردارروں کو کلیئر کردیا گیا بلکہ واقعے کو بھی غلطی اور لاپروائی کا نتیجہ قرار دیا یا ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ انتظار کے قتل کے بعد اے سی ایل سی کے 9 اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ تفتیشی حکام کے مطابق 100 فیصد غلطی اے سی ایل سی اہلکاروں کی ہے۔ ڈی آئی جی عامر فاروقی نے کہا ہے کہ ناکے پر بلال اور دانیال کا کوئی کام نہیں تھا، دونوں اہلکاروں کی فائرنگ کا کوئی جواز نہیں، شواہد کی تکنیکی بنیادوں پر تصدیق کر رہے ہیں۔دوسری جانب انتظار قتل کیس میں دوسری لڑکی کی انٹری ہوگئی، مدیحہ نے مقتول کو پولیس افسر اور سیاسی شخصیت کی دوست لیلیٰ سے دور رہنے کا پیغام پہنچایا لیکن انکار پر موت کے گھاٹ اتارے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ لیلیٰ کی انتظار سے پہلی ملاقات ڈیفنس چھوٹا بخاری میں ہوئی، لیلیٰ کی فیملی امریکا میں مقیم ہے۔ لیلیٰ کی 4 سال سے سندھ کے با اثر ایم پی اے سے دوستی ہے، ایم پی اے نے لیلیٰ کو بوٹ بیسن میں فلیٹ دے رکھا ہے، لیلیٰ مقدس حیدر کے پی ایس او بلال سے بھی رابطے میں تھی۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ انتظار کی لیلیٰ نامی لڑکی سے دوستی قتل کی وجہ بنی، انتظار کے قریبی ذرائع کے مطابق لیلیٰ سے انتظار کی دوستی پر پولیس افسر اور سیاسی شخصیت شدید ناراض تھے، مدیحہ کیانی کو بھی ایک منصوبے کے تحت انتظار کے قریب کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق انتظار سے مدیحہ کی دوستی اس کے پڑوسی سلمان نے واقعے سے 10 روز پہلے کرائی تھی، دس روز کے دوران مدیحہ نے انتظار سے 4 ملاقاتیں کیں۔ ذرائع نے کہا کہ مدیحہ نے انتظار کو لیلیٰ سے دور رہنے کا مشورہ دیا لیکن انتظار کسی صورت لیلیٰ سے الگ نہیں ہونا چاہتا تھا۔ انتظار کے قریبی دوستوں نے کہا کہ انتظار، لیلیٰ اور مدیحہ کو چند روز قبل ڈیفنس کے کلب میں آئس پیتے بھی دیکھا گیا۔سی ٹی ڈی کو تفتیش میں انتظار کے فون ریکارڈ سے اہم چیزیں ملی ہیں، انتظار کے دوستوں کی طرف سے فراہم کی گئیں غیر رسمی معلومات کے بعد سی ٹی ڈی نے لیلیٰ نامی لڑکی کی تلاش بھی شروع کر دی ہے۔
انتظار قتل / تفتیش