سول ملٹری تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں‘ حکومت مدت پوری کریگی : شاہد خاقان
ڈیووس (آئی این پی‘ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سول ملٹری تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں,بلاول بھٹو کا میرے فنکشن میں ہونا جمہوریت کی مضبوطی کا ثبوت ہے، پاکستان میں تمام ادارے آئین اور قانون کے دائرے میں ہیں۔جمعرات کو شاہد خاقان عباسی نے پاکستان بریک فاسٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے توانائی کے بحران پر قابو پایا۔ پاکستان میں تمام ادارے آئین اور قانون کے دائرے میں ہیں۔ ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا جواب دینے کی صلاحیت ہے۔ سول ملٹری تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔پاکستان میں جو کچھ وہ رہا ہے، آئین اور قانون کے دائرے میں ہے۔ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ بلاول بھٹو کا میرے فنکشن میں ہونا جمہوریت کی مضبوطی کا ثبوت ہے۔ ہم جمہوریت سے سیکھ رہے ہیں۔ پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا سی پی سے معیشت ترقی کرے گی روزگار اور باہمی روابط بڑھیں گے۔ پاکستان میں جمہوریت کے تسلسل سے معاشی ترقی اور استحکام آئے گا۔ حکومت نے امن و امان‘ توانائی اور معیشت کی بحالی کیلئے اقدامات کئے۔ حکومتی پالیسیوں کی بدولت سرمایہ کاروں کا اعتماد پاکستان پر بحال ہوا ہے۔ ڈیووس میں کاروباری شخصیات نے ملاقات کے دوران سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی۔ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بھاری مالی اور جانی نقصان برداشت کیا۔ انتہاپسندی کیخلاف جنگ اپنے ذاتی وسائل سے لڑ رہے ہیں۔ پاکستان 30 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے اس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔ وزیراعظم سے عالمی اقتصادی فورم کے چیئرمین کلازشواب نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا رواں سال پاکستان کی شرح نمو 6 فیصد تک پہنچ جائے گی۔ کلازشواب نے کہا کہ معیشت میں بہتری پر حکومتی اقدامات قابل ستائش ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ٹرینا سولر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، چیئرمین جیفان گاﺅ نے ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ٹرینا سولر کو دعوت دی کہ وہ پاکستان میں سولر پینلز بنانے کے پلانٹ لگائیں۔ انہوں نے کمپنی کو یقین دلایا کہ پاکستان انہیں ہر طرح کی سہولیات فراہم کرے گا اور لوکل پیداوار کی حوصلہ افزائی کیلئے ٹیکس مراعات بھی دےگا جس کے نتیجے میں ملک میں سستی متبادل توانائی مل سکے گی۔ ٹرینا سولر کے چیئرمین نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ٹرینا سولر پاکستان میں سولر پینلز کے پلانٹ لگانے پر سنجیدگی سے غور کرے گی۔
شاہد خاقان