زینب کیس : ملزم کے اکاﺅنٹس سے لگتا ہے طاقتور لوگ ملوث ہیں‘ رانا ثناءنے ویڈیو سکینڈل کی تحقیقات رکوائی : عمران
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ قصور ویڈیو سکینڈل پر مضبوط جے آئی ٹی تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔ زینب کے قاتل کی گرفتاری کے بعد مضبوط اور منظم گروہ کے آثار مل رہے ہیں۔ ملزم کے بے شمار بنک اکاﺅنٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ طاقتور لوگ ملوث ہیں۔ ایک مضبوط جے آئی ٹی قصور کے ویڈیو سکینڈل کی بھی تحقیقات کرے۔ رانا ثناءاللہ نے ویڈیو سکینڈل کو زمین کا جھگڑا قرار دیکر بند کرا دیا تھا۔ رانا ثناءاللہ نے قصور ویڈیو سکینڈل کیس میں بے شرمی کا مظاہرہ کیا تھا۔ زینب جیسے اندوہناک واقعات پر جے آئی ٹی کی ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں عمران خان نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لئے توجہ دینے پر چیف جسٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ بیرون ملک پاکستانی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں وہ 20 ارب ڈالرز کا زرمبادلہ سالانہ بھیجتے ہیں۔ ہمارے بہترین دماغ بیرون ملک خدمات انجام دے رہے ہیں۔ نئے پاکستان کی تعمیر میں انشاءاللہ وہ ایک کلیدی کردار ادا کریں گے۔
عمران