مسلم لیگ نے بلاامتیاز ترقیاتی کام کروائے عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی : نوازشریف
خانیوال (نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) بھرپور ترقیاتی کاموں کے باعث آئندہ عام انتخابات میں بھی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور حکومت بنائے گی۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف نے پنجاب ہاﺅس میں ملک بھر سے آئے ہوئے وکلاءکے وفد سے ملاقات میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک ملک بھر کے لئے لولائی ٹنل چترال کے عوام کے لئے مسلم لیگ حکومت کا تحفہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی مسلم لیگ نے ملک بھر میں بلاامتیاز ترقیاتی کام کروائے جن کی بدولت مسلم لیگ (ن) آئندہ عام انتخابات میں بھی بھاری اکثریت سے اقتدار میں آئے گی۔ انہوں نے اس موقع پر انتخابی مہم چلانے کا بھی عندیہ دیا مسلم لیگ (ن) کی صوبائی رہنما مس کوثر ڈاہا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خانیوال کے ذریعے ملتان تک موٹر وے مکمل کردی ہے اور عنقریب لاہور تا کراچی موٹر بھی مسلم لیگ دور ہی میں مکمل ہوگی۔ اس موقع پر مس کوثر ڈاہا نے کہا کہ مسلم لیگ خانیوال مسلم لیگ کا گڑھ ہے آئندہ عام انتخابات میں بھی مسلم لیگ یہاں سے کلین سویپ کرے گی۔ انہوں نے میاں نواز شریف کو خانیوال آنے کی دعوت بھی دی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر سینیٹر مشاہد اللہ، وزیر مملکت چوہدری نصیر بھٹہ، صوبائی وزیر بیرسٹر محسن رانجھا سمیت سینئر مسلم لیگیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
نواز شریف