میئر گروپ ناراض ارکان کو منانے کیلئے کوشاں‘ ڈویلپمنٹ گروپ بھی سرگرم
ملتان (خبرنگارخصوصی) میونسپل کارپوریشن کے 31جنوری کو ہونے والے اجلاس کا ایجنڈا تمام ممبران کو جاری کر دیا گیا ہے ایجنڈے میں 15 آئٹم رکھے گئے ہیں ڈپٹی میئر منور احسان قریشی کی طرف سے ایجنڈے میں ایک قرارداد شامل کرائی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چونگی نمبر9 پر پبلسٹی کے لئے ٹی وی سکرین لگائی گئی ہے جو ٹریفک مسائل کا سبب بن رہی ہے اسے فوری طور پر ہٹایا جائے دوسری طرف ملتان ڈویلپمنٹ گروپ نے آئندہ کے لائحہ عمل بارے آج رابطہ کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے جبکہ میئر گروپ کی طرف سے بھی ناراض ممبران کو منانے کی کوشش جاری ہے ان کے مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی کرائی جا رہی ہے آئندہ بھی ساتھ مل کر چلنے کے وعدے کئے جا رہے ہیں۔ دریں اثناءگزشتہ روز ملتان ڈویلپمنٹ گروپ کے اراکین سے مسلم لیگی رہنما شیخ طارق رشید اور ملک انور علی سے تفصیلی میٹنگ ہوئی جس میں چیئرمین اخترعالم قریشی‘ جلیل خان بابر‘ اکبر انصاری‘ صدیق انصاری‘ اعجاز فخر‘ رسالت خان شیروانی‘ زاہدخان شریک ہوئے۔ شیخ طارق رشید نے کہا کہ میئر سے آپ کی صلح کرا دیتے ہیں۔ آپ کی تمام شرائط پوری کرا دیتا ہوں۔ چودھری وحید ارائیں بھی میونسپل کارپوریشن میں مداخلت نہ کرے گا۔ تمام کمیٹیاں توڑ کر آپ لوگوں کی مرضی کی کمیٹیاں بنائی جائیں گے ترقیاتی فنڈز اپنی مرضی سے لیں۔ اس پر گروپ کے تمام اراکین نے ان کا شکریہ ادا کیا مگر کہا کہ ان باتوں کا وقت گزر چکا ہے ہم میئر کے استعفا کے مطالبے سے پیچھے نہ ہٹیں گے۔ یہ ہمارا ذاتی جھگڑا نہ ہے بلکہ ہم ملتان کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ ہم شہر کے عوام کا مقدمہ لڑ رہے ہیں میونسپل کارپوریشن میں ہونے والی کرپشن اور بدانتظامی کے خلاف جنگ کر رہے ہیں ہمارا صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ میئر مستعفی ہو جائے تاہم انہوں نے شیخ طارق رشید کو یقین دلایا کہ وہ این اے 149 میں شیخ طارق رشید کی بھرپور حمایت کریں گے اس مرحلے پر ملتان ڈویلپمنٹ گروپ نے شیخ طارق رشید کو پیشکش کی کہ وہ ایم پی اے رانا محمودالحسن اور ڈپٹی میئر حاجی سعید انصاری سے ان کی صلح کرا دیتے ہیں اس سے مسلم لیگ ن مضبوط ہو گی اور آئندہ الیکشن میں اس کا پارٹی کو بہت زیادہ فائدہ ہو گا۔ دونوں فریقین اپنی اپنی باتوں پر ڈٹے رہے اور کوئی بھی صلح کی تجویز پایہ تکمیل تک نہ پہنچ سکی۔
ایجنڈا جاری