بزنس کمیونٹی کی راہوں سے کانٹے چنیں گے:مصطفی کمال
کراچی(کامرس رپورٹر ) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ بزنس کمیونیٹی کی راہوں سے کانٹیں چنیں گے، معاشی ترقی کی پہلی شرط امن ہے، صرف آپریشن سے حتمی امن قائم نہیں ہوسکتا، سول سوسائٹی کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، 2018کے انتخابات میں پی ایس پی کراچی کے شہریوں کے لیے واحد آپشن ثابت ہوگی۔ انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہارکیا۔ اس موقعے پر کاٹی کے صدر طارق ملک، سینیئر نائب صدر جنید نقی، کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے پولیٹیکل پارٹیز کوآرڈینشین کے سربراہ راشد صدیقی، سینیٹر عبدالحسیب خان، زبیر چھایا اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ پی ایس پی کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہا کہ امن معاشی ترقی کے لیے اولین شرط ہے، رنچھور لائن اور لیاری میں بدامنی ہو تو کورنگی صنعتی علاقہ ترقی نہیں کر سکتا، انہوں نے کہا کہ امن کی بحالی کے لیے شہر میں ہونے والے آپریشن سے حتمی امن قائم نہیں ہوسکتا اس کے لیے معاشرے کے تمام حلقوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔