پاکستان اور قطر میں ایل این جی معاہدہ طے پا گیا، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر میں ایل این جی معاہدہ طے پا گیا ہے جس سے سالانہ 30 کروڑ ڈالر کی بچت ہو گی۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال سے قطر سے معاہدے کی کوشش کررہے تھے، ماضی میں معاشی نظام کو صحیح سمت نہیں رکھا گیا، قرضو ں کے باعث روپے کی قیمت پر دباوَ آیا اور مہنگائی ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اخراجات کم کیے ہیں اور کررہے ہیں، اب ہر سال ہم پر قرضوں کی قسطیں بڑھتی جارہی ہیں،مشکل وقت سے نکلنے کیلئے ملک کو آگے سوچنا پڑتا ہے۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہماری امپورٹ اور ایکسپورٹ میں خسارہ ہو چکا تھا، ہم نے سب سے پہلے آمدنی بڑھانی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پنجاب ترقیاتی منصوبوں میں پیش رفت پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کامشکور ہوں، سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے سے دلی خوشی ہور ہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بزنس ڈسٹرکٹ منصوبہ ملک میں آمدنی بڑھانے کا ذریعہ بنے گا، پہلے فیز میں1300 ارب روپے کی آمدنی ہوگی۔ منصوبے سے فیڈرل حکومت کو اڑھائی سو ارب ٹیکس ملے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ لاہور بہت تیزی سے پھیلا ہے،یہاں پانی کا بڑا مسئلہ ہوگا، لاہور پھیلتا جارہا ہے اسے روکنے کےلیے ورٹیکل اوپر جانا پڑے گا، جب ایئر پورٹ ڈی نوٹیفائی ہوگا تو یہ اکنامک حب بن سکتا ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ والٹن ایئرپورٹ کے لیے الگ جگہ دے دی ہے، پاکستان میں بڑے بڑے جنگل ختم ہو گئے،راوی سٹی اور والٹن ایئرپورٹ منصوبہ آمدنی کاباعث ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا انوائرمنٹلسٹ خود کو سمجھتا ہوں، پہلی دفعہ درخت لگانے کا میں نے سوچا اورخیبرپختونخوا میں درخت لگائے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارا سب سے بڑا اثاثہ اوورسیز پاکستانی ہیں، وہ نئی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں اوورسیز پاکستانی سرمایہ کاری کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ راوی اربن پراجیکٹ اور اس منصوبے میں اوورسیز کی دلچسپی ہے، پوری کوشش کررہے ہیں بینک چھوٹے ملازمین کو قرض دیں۔