سرجیکل سٹی سیالکوٹ کا قیام عمل میں لایا جائے گا:میاں اسلم اقبال
لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں قائم 23 سمال انڈسٹریل سٹیٹس کی 100 فیصد آبادکاری حکومت کی پالیسی ہے۔سمال انڈسٹریل سٹیٹس کی آباد کاری کے عمل کو تیز کرنے کیلئے پیسک سمال انڈسٹریل سٹیٹس پالیسی 2019 ء بنائی گئی جس کے تحت سمال انڈسٹریل سٹیٹس کی کالونائزیشن کے عمل میں تیزی لانے کیلئے آلاٹیز کو 5.8 ارب روپے کا مراعاتی پیکیج دیا گیا ہے۔ سرجیکل سٹی سیالکوٹ کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔ انہوں نے اس امر کا اظہار گزشتہ روز ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن جمیل احمد جمیل اور ڈائریکٹر خالد الرحمن سے ملاقات میں کیا ہے اس موقع پرانہوں نے صوبائی وزیر کو کالونائزیشن پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت نے کہا کہ خالی پلاٹوں پر صنعتی یونٹس لگانے کیلئے غیر تعمیراتی چارجز میں 50 فیصد کی رعایت دی گئی۔ اس طرح پنجاب روزگار سکیم کے تحت سمال انڈسٹریل سٹیٹس میں صنعتی یونٹس لگانے کیلئے آسان قرضوں کی سہولت بھی دی گئی ہے۔اسلم اقبال نے بتایاکہ صوبے کے مختلف علاقوں میں 9 سمال انڈسٹریل سٹیٹس کے قیام کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ یہ سمال انڈسٹریل سٹیٹس ڈی جی خان، میانوالی، جھنگ، ساہیوال، منڈی بہاؤ الدین، سیالکوٹ لاہور موٹروے، سرگودھا اور کھیوڑہ میں بنیں گی۔