لاہور چیمبر اور ایچ وی اے سی آر سوسائٹی کے درمیان باہمی تعاون کیلئے یادداشت
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پاکستان ایچ وی اے سی آر سوسائٹی نے کاروباری برادری اور مقامی صنعت کے مفادات کے تحفظ اورباہمی تعاون کو بڑھانے کے لئے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر طاہر منظور چوہدری اور ایچ وی اے سی آر سوسائٹی کے صدرخرم ملک نے دستخط کیے۔لاہور چیمبر کی سٹینڈنگ کمیٹی ایچ وی اے سی آر سید مختار علی و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔مفاہمتی یادداشت کے مطابق کاروباری برادری کیلئے سیمینار،ٹریننگ اور ورکشاپس کے کیلئے تعاون کریں گے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر طاہر منظور چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان مشکل معاشی حالات میں جدت کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، صنعتوں کو اپنی پیداواری صلاحیت اور مسابقت کو بہتر بنانے کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی اپنانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مزید سازگار کاروباری پالیسیاں مرتب کرکے آئندہ چند سالوں میں صنعتی انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایچ وی اے سی آر سوسائٹی نئی عمارتوں میں توانائی بچت کی صورتحال بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر نے کہا کہ موثر ہیٹنگ، وینٹیلیشن، ایئر کنڈیشنگ اور ریفریجریشن کے جدید نظام کی تنصیب سے نہ صرف توانائی کی کافی بچت ہوگی بلکہ اس شعبے میں سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر نے اس شعبے کے کاروباری مفادات کو فروغ دینے کے لئے ایک ایچ وی اے سی آر کمیٹی تشکیل دی ہے۔