ایف بی آر نوٹسز جاری کر نے کے بجائے ٹیکس اہداف پر توجہ دے :میاں عبدالغفار
لاہور( کامرس رپورٹر)پاکستان ٹیکس ایڈوائزر ایسوسی ایشن کے صدر میاں عبدالغفار نے کہا ہے کہ حکومت بنکنگ ٹرانزیکشن پر عوام کو 20فیصد ربیٹ دیکر معیشت کو دستاویزی بنا سکتی ہے جس سے عوام کا حکومت اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو پر اعتماد بحال ہونا شروع ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں تاجروں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری خواجہ ریاض حسین سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ تاجروں کے وفد نے ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ میاں عبد الغفار نے کہا کہ ایف بی آر کی مشینری تحت نوٹسز جاری کر کے ٹیکس دہندگان کوخوف میں مبتلا کرنے کی بجائے ٹیکس اہداف پر توجہ دے اور کاروباری حضرات کو کاروبار کرنے دے ،4963ارب کا ہدف موجودہ ٹیکس پیئر سے پورا کرنے کی بجائے نئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لا کر پورا کیا جائے۔پہلے سے ٹیکس دینے والوں کا بار بار خون نچوڑنے کی بجائے نئے ٹیکس پیئرز تلاش کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹرن اوور ٹیکس ایک فیصد کر کے لوگوں کو ریلیف دے جو ان کا حق ہے۔