کشمیریوں سمیت انسانی حقوق کے تحفظ کی کوششیں جاری رکھیں گے : او آئی سی
جنیوا(کے پی آئی)اسلامی تعاون تنظیم(او آئی سی)کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمدالاتھمین نے بھارت کے غیرقانونی قبضے والے کشمیر سمیت انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے فروغ اور تحفظ کے لئے کوششیں جاری رکھنے کے او آئی سی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔یہ بات اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل (یو این ایچ آر سی) کے جنیوا میں جاری 46 ویں اجلاس کے اعلی سطحی سیشن سے اپنے خطاب میں کہ۔ او آئی سی سیکرٹری جنرل نے کہا یہ اجلاس ایک ایسے وقت میں ہورہا ہے جب دنیا کو امن ، سلامتی ، انسانی حقوق اور ترقی کے حوالے سے متعدد چیلنجوں کا سامنا ہے۔ انہوںنے کہا کہ کرونا کی وبائی بیماری کا زندگی کے تمام پہلوؤں خاص طور پر انسانی حقوق پر گہرا اثر پڑا ہے اور اس مرض نے معاشرتی عدم مساوات اور خطرے کو بڑھا دیا ہے۔او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے اسرائیل کی طرف سے فلسطینی عوام کے خلاف انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر ہونے والی خلاف ورزیوں ، بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال ، آذربائیجان کے ناگورنو کاراباخ میں تنازعہ کے بعد بحالی اور تعمیر نو اور روہنگیا سمیت اسلامی تعاون تنظیم کے غیر رکن ملکوں میں مسلمانوں کو درپیش صورتحال پر بھی روشنی ڈالی۔