آئی ٹی ایکسپورٹ کو مزید مستحکم بنانا مشن، اسٹاک مارکیٹ کے ساتھ مل کر کام کرینگے
کراچی (کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان پی ٹی آئی کی سب سے بڑی اتحادی ہے،سینیٹ الیکشن پر ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی ایک پیج پر ہیں،جی ڈی اے ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی ایک دوسرے کے امیدواد کو سپورٹ کرینگے، 2017 میں 3جی اور 4 جی کے لائسنس کے اجراء کے بعد معاملہ کورٹ چلا گیا،ایڈیشنل اسپیکٹرم پر کمیٹی کام کررہی ہے،پچھلے کئی ہفتوں سے منسٹری اور اسٹاک مارکیٹ رابطے میں تھے،اسٹاک مارکیٹ کے ساتھ مل کر جلد ان چیزوں پر کام شروع کردیا جائے گا،کرپٹو کرنسی کو وزار ت آئی ٹی نہیں بلکہ اسٹیٹ بینک اور ایف بی آر دیکھ رہے ہیں،وزارت آئی ٹی کرپٹو کرنسی پر کام کررہی ہے ،آئی ٹی ایکسپورٹ کو مزید مستحکم بنانا ہمارا مشن ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہارجمعرات کو پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے مابین مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں کیا۔وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کی پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کی جانب ایک اور بڑا قدم بڑھا دیا گیا ہے جس کے تحت وزارت کے ذیلی ادارے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کردیئے گئے جس کے تحت آئی ٹی کمپنیوں کو اسٹاک ایکسچینج میں لسٹنگ کی سہولت حاصل ہوسکے گی۔ مفاہمت پر پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر عثمان ناصر اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹو آفیسر و منیجنگ ڈائریکٹر فرخ ایچ خان نے دستخط کئے۔ تقریب میں وفاقی وزارت آئی ٹی ، پی ایس ای بی، ایس ای سی پی، پی ایس ایکس اور آئی ٹی انڈسٹری کے حکام و اہم شخصیات نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا کہ یہ مفاہمت نامہ پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی کے لئے ایکاہم قدم ہے،سافٹ ویئر بورڈ اور اسٹاک ایکسچینج کے درمیانہونے والی پہلی مفاہمتی یادداشت ہے، اس کا مقصد پی ایس ایکس مین بورڈ اینڈ جی ای ایم بورڈ میں درج ٹیکنالوجی کمپنیوں کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے جس کے نتیجے میں آئی ٹی سیکٹر کی ترقی کیلئے مالیاتی ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے اور بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کا مضبوط برانڈ امیج بنانے کی کوششوں میں مدد ملے گی۔