کرونا، 15 مارچ سے معمولات زندگی مکمل بحال کرنے کا فیصلہ

کرونا کا زور ٹوٹ رہا ہے، پچھلے 6 ہفتوں کے دوران عالمی سطح پر کرونا کیسز میںکمی ہوئی ۔ امریکہ ، برطانیہ سمیت پوری دنیا میں کرونا کے فعال کیسز انتہا سے نصف پر آ گئے ہیں ، پاکستان میں مجموعی کیسز 5 لاکھ 74 ہزار 580 ہیں جبکہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 5 لاکھ 38 ہزار 207 ہے۔ این سی او سی کے اعلامیے کے مطابق 15 مارچ سے کرونا ایس او پیز کے ساتھ شادی کی انڈور تقریبات کے انعقاد ، مزارات ، سنیما کھولنے جبکہ تجارتی ، سیاحتی ، تفریحی سرگرمیوں کے لیے وقت کی حد ختم کر دی گئی ہے اسی طرح دفاتر کی 50 فیصد حاضری اور آن لائن کام کرنے کی سہولت ختم کر کے دفاتر کی 100 فیصد حاضری کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں جبکہ ریسورنٹ ہالز میں کھانے کی اجازت 10 مارچ کے جائزہ اجلاس سے مشروط ہو گی اسی طرح پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے مرحلے پر شائقین کی تعداد 20 سے بڑھا کر 50 فیصد کرنے کی اجازت دی گئی۔ کرونا کی شدت کم ہونا خوش آئند ہے، زندگی معمول کی طرف لوٹ رہی ہے تاہم عوام کو احتیاطی تدابیر کو کسی صورت نظرانداز نہیں کرنا چاہئے اس لئے سماجی فاصلے ، ماسک پہننے ، ہاتھوں کو بار بار دھونے سمیت تمام ایس او پیز کی مکمل پابندی کی جائے تاکہ اس خطرناک وائرس کو مکمل شکست دی جا سکے۔