پاکستان سپر لیگ: اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز، کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو ہرا دیا
لاہور (نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر )پاکستان سپر لیگ تھری کے چھٹے میچ میں اسلام آبادیونائٹیڈ نے ملتان سلطانز کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا ۔ ملتان سلطانز کے ابتدائی 4 کھلاڑی صرف 31رنز پر پویلین لوٹ گئے تو میچ میں اسلام آباد کی کامیابی کے امکانات روشن ہوگئے تھے۔مشکلات میں گھری ٹیم کے لئے کپتان شعیب ملک اور کیرون پولارڈ نے 54 قیمتی رنز کی شراکت قائم کی،دونوں کھلاڑیوں نے اس دوران کئی خوبصورت شارٹس لگائے۔ 85 کے سکور پر 1چھکے اور 3چوکوں کی مدد سے 28رنز بنانے والے پولارڈ کو رسل نے ایل بی ڈبلیو کیا تو 95 کے سکور پر 2 چھکوں کی مدد سے 35رنز بنانے والے شعیب ملک بھی کریز چھوڑ گئے ،ان کی وکٹ بھی رسل کے حصے میں آئی۔شعیب ملک اور کیرون پولارڈ کے اوپر تلے آئوٹ ہونے کے بعد ملتان سلطانز کی ٹیم ایک بار پھر مشکلات کا شکار ہوگئی۔ 105رنز پر سیف بدر 8رنز کو رومان رئیس نے بولڈ کردیا ،صرف 3رنز بعد ہی ملتان سلطانز کو ایک اور نقصان اٹھانا پڑا سہیل تنویر 9کے انفرادی سکور پر رن آئوٹ ہوگئے۔شعیب ملک الیون کی نویں وکٹ 109پر گری ، عمران طاہر 2رنز کو رومان رئیس نے بولڈ کیا ،ملتان سلطانز کے آخری ّآئوٹ ہونے والے محمدعرفان تھے ،جو 2 کے انفرادی سکور پر رن آئوٹ ہوئے۔ملتان سلطانز 113رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ میچ میں جہاں اسلام آباد کی بائولنگ بہتر تھی وہیں فیلڈنگ نے بھی اطمینان بخش کارکردگی دکھائی۔رومان رئیس کامیاب ترین باولر رہے ،انہوں صرف 14رنز کے عوض 3 وکٹیں اپنے نام کیں ، دیگر باولر ز میں محمد سمیع ، رسل نے 2،2 اور فن نے ایک کھلاڑی کو میدان سے واپسی کا راستہ دکھایا۔اسلام آباد یونائٹیڈ کا آغاز اچھا نہ تھا تاہم ہدف 17.4اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پرپورا کرلیا ۔ رونچی صفر ‘صاحبزادہ سلطان نو ‘والٹن اٹھائیس ‘آصف علی گیارہ اور آندرے رسل بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے۔حسین طلعت 48اور فہیم اشرف بارہ رنز پر ناقابل شکست رہے ۔ عمران طاہر نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ حسین طلعت کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 5وکٹوں سے ہرادیا ۔ پشاور زلمی کی بیٹنگ لائن فلاپ رہی اور 8کھلاڑی ڈبل فیگرمیں بھی داخل نہ ہوسکے ۔ پوری ٹیم نے 9وکٹوں کے نقصان پر 131رنز بنائے ۔تمیم اقبال گیارہ ‘کامران اکمل چودہ ‘محمد حفیظ سات ‘حارث سہیل ایک ‘ابتشام شیخ دو ‘ڈیرن سیمی دو ‘عمیدآصف سات ‘کرس جارڈن ایک ‘وہاب ریاض آٹھ رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ سمتھ 71رنز پر ناٹ آئوٹ رہے ۔محمد عامر اور شاہد آفریدی نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ کراچی کنگز نے ہدف5وکٹوں پرپورا کرلیا ۔ خرم منظور چھ ‘ڈینلے انتیس ‘بابر اعظم اٹھائیس اور کولن انگرام تئیس‘محمد رضوان انیس رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔روی بوپارہ سترہ اور کپتان عماد وسیم چھ رنز پر ناقابل شکست رہے ۔ کرس جارڈن اور ابتشام شیخ نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔