نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کوپہلا ون ڈے 3وکٹوں سے ہرا دیا
ہملٹن(سپورٹس ڈیسک)نیوزی لینڈ نے پانچ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3وکٹوں سے شکست دے دی،285رنز کاہدف کیویز نے 49.2اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر287رنز بنا کر پورا کیا۔ہملٹن میںپہلے ایک روزہ میچ میں نیو زی لینڈ نے ٹاس جیت کرپہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو مخالف ٹیم نے مقررہ اوورز میں8وکٹوں پر284رنز کا ہندسہ سجا دیا،ان کی اننگ میں جیس بٹلر79،جوئی روٹ71اور جیسن رائے کے 49رنز نمایاں ہیں۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ،مچل سنٹراور ایش سودھی نے 2,2وکٹیں حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں کیویز شروع میں تو مشکلات کا شکار رہے لیکن27رنز پر3وکٹیں گنوانے کے بعد نیوزی لینڈ کے راس ٹیلر اور ٹام لتھن کے درمیان ہونے والی 178رنز کی شراکت داری سے ناقابل یقین جیت کوحقیقت میں بدلنے کے لئے اہم کردار اداکیا ،ایک بار پھر 206اور215کے مجموعے پر دو وکٹیں گنوانے کے بعدکیویز دباومیں آئے لیکن کریز پر راس ٹیلر کی موجودگی نے ٹیم کو امیددلائی رکھی لیکن وہ بھی 244رنز کے مجموعے پر113رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے ،اس کے بعد مچل سینٹر نے 27گیندوں پر45رنز بناکر اپنی ٹیم کوفتح دلا دی۔انگلینڈ کی جانب سے کرس وہوکس اور بین سٹوکس نے 2,2جبکہ ڈیوڈ ویلے ،ٹام کران اور عادل راشد نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔راس ٹیلر کو بہترین بلے بازی کا مظاہر ہ کرنے پر مین آف دامیچ کا ایوارڈ دیا گیا۔سیریز کا دوسرا میچ 28فروری کو مونٹ مونگیائی میں کھیلا جائے گا۔