آفتاب محسود کے قتل میںملوث ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے: آفتاب شیرپائو
پشاور (بیورو رپورٹ) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پختون نوجون آفتاب محسود کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قتل کی تحقیقات اور ملوث ملزمان کو جلد ازجلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہو ں نے نقیب اللہ اور احمد شاہ کے بعد ڈی آئی خان میں آفتاب محسود کی قتل پر تشویش کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا کہ آئے روز پختونوں نوجوانوں کے قتل ہونے سے پختون قوم پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں اور اس سے ان میں پائی جانے والی محرومی اور بے چینی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پختون قوم کے ساتھ امتیازی رویہ کسی صورت قابل قبول نہیں اور اس واقعہ کی صحیح سمت میں تحقیق کی جائیں تاکہ ملزمان پکڑ کر قرار وقعی سزا دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نقیب اللہ محسودواقعہ ، احمد شاہ اور آفتاب محسود کے قتل جیسے واقعات نے پختونوں کی تکالیف اور پریشانیوں میں اضافہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پختون محب وطن شہری ہیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں ان کا نمایاں کردار رہا ہے جبکہ اس قسم کے وقعات سے نہ صرف ان میں مایوسی پھیل رہی بلکہ ان میں عدم تخفظ کی کیفیت بھی بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان واقعات میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دینی چاہئے۔