احد چیمہ کی گرفتاری سے سسلین مافیا اور گاڈ فادر طرز حکمرانی بے نقاب ہو گئی: نیئر بخاری
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے پنجاب میں احد چیمہ کی گرفتاری پر بیوروکریسی کے ردعمل پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے سسلین مافیا اور گاڈ فادر طرز حکمرانی بے نقاب ہو گئی ہے۔ ایک بیان میں سید نیئر حسین بخاری نے کہا چیف سکرٹری پنجاب کا شہباز شریف کا نمائندہ بن کر احد چیمہ کے گھر پر جانا بہت سارے سوالات کو جنم دے رہا ہے اور یہ حقیقت بھی کھل کر سامنے آئی ہے وزیر اعلی پنجاب بیوروکریسی کے ذریعے کرپشن تحقیقات پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔ نیئر بخاری نے کہا کہ ماننا پڑے گا شریف خاندان غضب کا اداکار ہے وفاق اور پنجاب میں اس کی حکومت ہے بیوروکریسی پر مکمل کنٹرول ہونے کے باوجود رونا دھونا کر رہا اقتدار میں ہوتے ہوئے حزب اختلاف میں ہونے کا تاثر دینے کی اداکاری کر رہا ہے۔ سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ گوالمنڈی میں دس مرلے کے گھر میں رہنے والے کنبے نے اس قدر جناتی انداز میں معاشی ترقی کی کہ ملک سے باہر کھربوں روپے کے اثاثے بن گئے۔