اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ سے جنوبی اضلاع کی ترقی کا آغاز ہو گا: فضل الرحمن
ڈیرہ اسماعیل خان (این این آئی) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ اور پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ سے جنوبی اضلاع کی مثالی ترقی کے نئے دور کا آغاز چنددنوں کی بات ہے اس منصوبہ سے ڈیرہ اسما عیل خان کی ترقی سے اس خطہ کے باسیوں کی نسلیں مستفید ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ رحمانی خیل پارک موٹر وے کا معائنہ کے دوران کیا، اس موقع پر نیشنل ہائی وے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر فرید اللہ خان نے انہیں منصوبہ سے متعلق بریفنگ بھی دی۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کا ڈیرہ اسماعیل خان سے گزرنا ہمارا خواب تھا جس کی عملی تعبیر اللہ کے فضل و کرم سے ہمارے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس منصوبہ کے بارے میں ہم سوچتے تھے آج اسی پر گاڑی میں سفر کرتے ہوئے میں خدا کا شکر ادا کررہا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ہماری کوششوں سے یہ منصوبہ عوام اور علاقہ کی تقدیر بدلنے کے لئے آخری مراحل میں ہے۔ آنے والے دنوں میں اسی روٹ سے عالمی تجارت ہوگی جس سے ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک صنعتی شہر آباد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ صوبائی حکومت کی طرف سے ڈیرہ اسماعیل خان کے صنعتی زون کے منصوبہ کو ڈیرہ کے بجائے رشکئی منتقل کردیا گیا مگر ہم ڈیرہ اسماعیل خان کی ترقی کے لئے کسی بھی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کریں گے۔ مغربی روٹ کے اطراف میں ڈیرہ اسماعیل خان میں نیا صنعتی شہر آباد ہوگا۔ لکی مروت، پنجاب کو بھی اسی مغربی روٹ سے لنک کرنے کے لئے رابطہ سڑکوں کی تعمیر کے منصوبہ پر کام تیزی سے جاری ہے، تین رابطہ سڑکوں کی تعمیر سے لکی مروت، ڈیرہ اسما عیل خان، ڈھکی، کلور کوٹ پنجاب اور ڈیرہ غازی خان، کڑی شموزئی علاقہ بھی اسی مغربی روٹ سے منسلک ہوجائے گا، انہوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور نیشنل لاجسٹک سیل کی جانب سے موٹر وے کی تعمیراتی کام کی تیزی پر مسرت کا اظہار کیا، قبل ازیں مولانا فضل الرحمان نے اپنی گاڑی پر روٹ پر سفر کیا اور مکمل ہونے والے حصوں کا معائنہ کیا۔