لاہور، کئی ورداتوں میں لاکھوں روپے لوٹ لئے: فیروز والا، ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان قتل: ورثا کا احتجاج
لاہور + فیروزوالا + مریدکے (نامہ نگاران + نمائندہ نوائے وقت) شہر کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعددشہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ مزاحمت کرنے پر فائرنگ کرکے 22 سالہ نوجوان کو قتل جبکہ ایک شخص کو زخمی کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق شاہدرہ کے علاقہ علامہ اقبال کالونی میں چار ڈاکوئوں نے غلام قادر کے قالین تیار کرنے کے کارخانے میں گھس کر لوٹ مار شروع کی تو غلام قادر کے بھائی غلام حیدر نے مزاحمت کر دی۔ جس پر ڈاکوئوں نے فائرنگ کرکے غلام حیدر کو شدید زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے۔ ڈاکوئوں نے ڈیفنس بی کے علاقہ میں شہروز کے گھر گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 8 لاکھ روپے مالیت، نواب ٹائون کے علاقے میں جہانگیر کے گھر سے 4 لاکھ روپے مالیت، نیو انارکلی کے علاقہ میں مبارک کے گھر سے 3 لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، گارڈن ٹائون کے علاقہ میں مجاہد کی فیملی سے 3 لاکھ روپے مالیت، مصری شاہ کے علاقہ سے نواز کی فیملی سے 2 لاکھ روپے مالیت، ہنجروال میں شاہد کی فیملی کو یرغمال بنا کر 80 ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون لوٹ لئے ہیں۔ رہزنوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں راہزنی کی 6 وارداتوں میں شہریوں سے ہزاروں روپے نقدی اور موبائل فون لوٹ لئے۔ چوروں نے سول لائن سے جاوید، شفیق آباد سے جعفر کی گاڑیاں جبکہ شاہدرہ سے اشفاق، جوہنگ سے عمران، اکبری گیٹ سے نعمان، لٹن روڈ سے یوسف، مسلم ٹائون سے رضوان کی موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔ جی ٹی روڈ پر منوں آباد کے قریب ڈاکوؤں نے پی سی او لوٹنے کے دوران مزاحمت کرنے پر نوجوان کو گولی مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پولیس نے ایک مبینہ ڈاکو کو گرفتار کر لیا جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ مقتول نے پسند کی شادی کرکے منوں آباد میں رہائش اختیار کر رکھی تھی ۔ مقتول کے ورثاء کا نعش تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے سامنے رکھ کر احتجاج بتایا گیا ہے کہ تین موٹر سائیکل سوار ڈاکو جی ٹی روڈ منوں آباد میں قائم چوہان پی سی او میں داخل ہوئے اور گن پوائنٹ پر نقدی اور دیگر اشیاء لوٹ کر فرار ہو رہے تھے کہ دکاندار نے شور مچا دیا۔ شور پر قریبی ریسٹورنٹ پر کھانا کھانے میں مصروف22سالہ محنت کش عمر حیات ولد ریاض نے جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ڈاکو کو دبوچ لیا جس پر اس کے ساتھیوںنے فائرنگ کرکے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا اور فرار ہو گئے۔ تھانہ صدر کے ایس ایچ او ذو الفقار ورک نے مقامی شہریوںکے ہمراہ ڈاکوؤں کا تعاقب کیا اور ایک مبینہ ڈاکو کو گرفتار کر لیا جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔نوجوان عمر حیات نے 6ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی اور منوں آباد میں رہائش اختیار کرکے مقامی کپڑے کے گودام میں محنت مزدوری کرتا تھا۔ مقتول کے ورثاء نے نعش تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے سامنے رکھ کر ہر قسم کی ٹریفک معطل کر دی۔ ڈی ایس پی مریدکے محمد نواز سیال نے مظاہرین کو دیگر ڈاکوؤں کو گرفتار کرکے ان قرار واقعی سزا دلوانے کی یقین دہانی کروا کر ٹریفک بحال کرا دی۔ فیرزووالا سے نامہ نگار کے مطابق ڈاکو کوٹ عبدالمالک میں تاجر شیخ علی رحمان اسکے ساتھی سے موٹر سائیکل اور ہزاروں نقدی چھین کر لے گئے۔علاوہ ازیں ڈاکو دکاندار عامر علی سے نقدی اور موبائل چھین کر لے گئے۔