آزاد کشمیر، مسلم لیگ، پیپلز پارٹی کا کشمیر کونسل ختم، اختیارات حکومت کو منتقل کرنے پر اتفاق
راولپنڈی (سلطان سکندر) آزاد کشمیر کی سیاست میں اہم پیشرفت‘ حکومت اور اپوزیشن کی بڑی جماعت پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے درمیان اہم آئینی ترامیم پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ اتوار کو وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے اسلام آباد میں پی پی پی آزاد کشمیر کے صدر چودھری لطیف اکبر سے ان کی اقامت گاہ پر ایک گھنٹہ تفصیلی ملاقات کی جو خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ اس موقع پر مشترکہ اعلامیہ وزیراعظم آزاد کشمیر‘ 2012ء کی پارلیمانی کمیٹی کے سربراہ محمد مطلوب انقلابی اور پی پی پی کے نائب سیکرٹری اطلاعات سید عزادار حسین کاظمی نے ڈرافٹ کیا جو کشمیر ہاؤس اور پی پی پی آزاد کشمیر کے مرکزی دفتر اسلام آباد سے جاری کیا گیا جس کا متن یہ ہے۔ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر اور پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے کشمیر کونسل کے تمام اختیارات آزاد کشمیر حکومت کو منتقل کرنے اور آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کو مکمل طورپر بااختیار بنانے پر مکمل اتفاق کا اظہار کیا ہے۔ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر اور پیپلز پارٹی کے درمیان مالیاتی‘ قانون سازی‘ ٹیکس کی وصولی سمیت تمام اختیارات آزاد جموں و کشمیر کونسل سے آزاد کشمیر حکومت کو منتقل کرنے سے متعلق اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ مشترکہ اعلامیہ کے مطابق تمام سیاسی جماعتوں پر مشتمل پارلیمانی آئینی کمیٹی 2012ء کی سفارشات پر مکمل عملدرآمد میں ایک دوسرے سے مکمل تعاون کرے گی۔ اجلاس میں متفقہ طورپر فیصلہ کیا گیا حکومت پاکستان کی جانب سے کشمیر کونسل کے خاتمے سمیت دیگر اہم معاملات پر تجاویز موصول ہونے پر مشاورت کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا۔ پیپلز پارٹی نے آئینی ترامیم کے حوالے سے وزیراعظم اور حکمران جماعت کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آزاد کشمیر کے اجتماعی معاملات پر سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ریاستی حقوق کے حصول اور آزاد کشمیر حکومت کو مکمل بااختیار کرنے کی کوششوں کی بھرپور حمایت کی جائے گی۔