میڑک کے سالانہ امتحانات ،عملے کی شدید قلت، بورزڈ سربراہان شدید پریشانی سے دوچار
راولپنڈی (محمدرضوان ملک / نیوزرپورٹر) پنجاب کے مختلف بورڈ زکے زیراہتمام میڑک کے سالانہ امتحانات کے لئے عملے کی شدید قلت نے بورڈ سربراہان کو شدید پریشانی سے دوچار کر دیا ہے۔ میڑک کے سالانہ امتحانات سر پر ہیں لیکن مختلف بورڈ ز کو امتحانات لینے کے لئے سپرنٹنڈنٹ ،ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور نگران عملہ دستیاب نہیں ہے۔ بالخصوص خواتین نگران عملے کی شدید کمی ہے۔ ذرائع کے مطابق یکم مارچ کو میڑک کے امتحانات شروع ہو رہے ہیں جبکہ امتحانات لینے کے لئے نگران عملے کی شدید کمی ہے ۔ سکول سربراہان بھی بورڈ عملے سے تعاون نہیں کر رہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر مہینے سکولوں کی انسپکشن ہوتی ہے جس کی وجہ سے وہ اساتذہ کو اس کام کے لئے فری نہیں کر سکتے ۔اس مسئلے پر قابو پانے کے لئے ڈپٹی سیکرٹری بورڈ نعمان جمیل کی جانب سے سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کو ایک خط بھی لکھا گیا ہے ۔جس میں ان سے استدعا کی گئی ہے کہ ضلعی نظامت تعلیمات کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز اور مختلف اضلاع کے ضلعی ایجوکیشن افسران کوہدایات کی جائیں کہ وہ میڑک کے امتحانات کے لئے بورڈز کی مدد کریں اور نگران عملہ کی دستیابی کو یقینی بنائیں ۔ تاہم ذرائع کے مطابق تاحال سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کوئی رسپانس سامنے نہیں آیا ہے۔