روس ٹیلر نے زیادہ سنچریوں کا ملکی ریکارڈ اپنے نام کر لیا، کیریئر کے 7 ہزار رنز مکمل
ہیملٹن (اے پی پی)نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز روس ٹیلر نے ون ڈے انٹرنیشنل میں 7 ہزار رنز مکمل کر لئے اور ساتھ ہی زیادہ سنچریوں کا ملکی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے۔ روس ٹیلر نے گزشتہ روز انگلینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں 113 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر جیت میں اہم کردار اداکیا۔ یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی 17 ویں سنچری ہے۔ اس طرح انہوں نے نیتھن ایسٹل کی زیادہ سنچریوں کا ملکی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ اس اننگز کی خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے ون ڈے کیریئر میں 7 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کیا ہے۔ اس طرح وہ نیوزی لینڈ کی جانب سے زیادہ رنز بنانے والے تیسرے بلے باز بن گئے ہیں۔ وہ اب تک 202 میچز میں 45.35 کی اوسط سے 7076 رنز بنا چکے ہیں۔ سابق کپتان سٹیفن فلیمنگ 8007 رنز کے ساتھ پہلے اور نیتھن ایسٹل 7090 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔