شوہر کا میڈیا ٹرائل ہو رہا ‘ صرف ایک ایکڑ زمین اپنی ‘باقی خاندان کے لوگوں کی ہے: اہلیہ احد چیمہ
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نیب کی طرف سے گرفتار احد چیمہ کی اہلیہ صائمہ احد نے الزام لگایا نیب میرے شوہر کا میڈیا ٹرائل کر رہا ہے۔ سلاخوں کے پیچھے ان کی تصویر بار بار دکھائی جا رہی ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا 32 کنال کا الزام جھوٹ کا پلندہ ہے۔ صرف ایک ایکڑ زمین ان کی اپنی ہے ‘ باقی زمین خاندان کے لوگوں کی ہے جو انہوں نے اثاثوں میں ظاہر کی ہے۔ انہیں بکتربند گاڑی میں عدالت پش کیا جاتا ہے کیا وہ دہشت گرد ہیں۔ ہمیں تحقیقات پر کوئی اعتراض نہیں کیا وہ بھاگ جائیں گے۔ ان کا نام ای سی ایل میں ڈال دیتے۔ میرے شوہر کا سیاست سے کوئی تعلق ہیں۔ وہ ایک ذمہ دار سرکاری افسر ہیں۔ جو ٹاسک انہیں دیا گیا‘ وہ پورا کیا۔ مجھے اپنے شوہر سے عدالتی احکامات کے باوجود 5 دن سے ملنے نہیں دیا جا رہا۔ کیا یہ توہین عدالت نہیں۔ خدشہ ہے میرے شوہر کو ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ احد چیمہ اپنی بے گناہی ثابت کریں گے۔ اس ملک کی عدلیہ سے پوری امید ہے ہمیں انصاف ملے گا۔
اہلیہ/ احد چیمہ