مسلم لیگ ن کو سینٹ الیکشن سے باہر کرنا کہاں کا انصاف ہے: نوازشریف
لاہور (آئی این پی+ این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم نوازشریف سے وزیراعلی شہباز شریف کی 2گھنٹے سے زائد تک ملاقات ہوئی‘ پارٹی کے سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے معاملات کو حتمی شکل دیدی گئی‘ پنجاب سے سینٹ انتخابات میں بھر پور کامیابی کیلئے تمام معاملات کی نگرانی شہبازشریف خود کریں گے۔ جبکہ ملاقات میں سینٹ انتخابات‘ نیب مقدمات‘ احد چیمہ کی گر فتاری ا ور پارٹی کے صدارتی انتخابات سمیت دیگر امور پر مشاورت کی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کے روز جاتی امراء میں مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف سے وزیر اعلی شہبازشریف ملاقات کیلئے پہنچے۔ جس کے بعد دونوں بھائیوں کے درمیان 2گھنٹے سے زائد کی ملاقات ہوئی ہے جس میں شہبازشریف نے احد چیمہ کی گرفتاری سمیت دیگر معاملات سے نوازشریف کو آگاہ کیا اور مسلم لیگ کے (ن) صدارتی انتخابات اور سینٹ انتخابات کے حوالے سے معاملات کو حتمی شکل دی گئی جبکہ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میاں نوازشریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا مشن صرف اور صرف ملک میں ترقی وخوشحالی اور آئین وقانون کی حکمرانی ہے جس کے لئے ہم جنگ لڑ رہے ہیں، پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو سینٹ انتخابات سے بطور جماعت الگ کر دینا کہاں کا انصاف ہے؟ ہم نے ہمیشہ اصولی سیاست کی ہے جس کے لئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، آمریت کے بدترین دور میں حالات کا مقابلہ کر چکے ہیں اور اب ملک میں احتساب کے نام پر لیے جانیوالے انتقام کو قوم کو دیکھ رہی ہے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے عوام کی بے لوث خدمت کے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ ایکبیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے عوام کی بے لوث خدمت کے ریکارڈ قائم کیے، جھوٹ بولنے والوں کے اصل چہرے عوام کے سامنے آچکے ہیں، نیازی صاحب جھوٹوں کے کپتان بن چکے ہیں، عوام منفی سیاست کے علمبرداروں کو ووٹ نہیں دیں گے، نیازی صاحب نے جھوٹ بولنے اور یوٹرن کے عالمی ریکارڈ بنائے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے خیبر پی کے میں بدترین کارکردگی دکھائی، دھرنا گروپ نے عوام کی ترقی میں رخنہ ڈالنے کا ناقابل معافی جرم کیا۔ شہباز شریف نے کہا باشعور عوام انتشار پر مبنی سیاست سے تنگ آچکے ہیں، منفی سیاست کرنیوالوں کو پہلے بھی پشیمانی کے سوا کچھ نہیں ملا، نیازی صاحب نے سیاست میں گالم گلوچ کے کلچر کو پروان چڑھایا، عوام کو نعروں، کھوکھلے دعوئوں اور منفی سیاست سے کوئی سروکار نہیں، جھوٹ کی سیاست کرنیوالوں کی پرواہ کیے بغیر آگے بڑھتے رہیں گے۔ عوام کو گمراہ کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی، ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے والوں سے پاکستان کے عوام حساب لیں گے۔ دریں اثناء نوائے وقت رپورٹ کے مطابق نوازشریف نے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کو مسلم لیگ (ن) کی صدارت کیلئے باقاعدہ آگاہ کیا۔ پہلے وزیراعلیٰ شہباز شریف کو قائم مقام صدر بنایا جائے گا۔ شہباز شریف کو قائم مقام پارٹی صدر بنانے کی منظوری سی ای سی اجلاس میں لی جائے گی‘ اجلاس 27فروری کو ہوگا۔ شہباز شریف کو باقاعدہ صدر بنانے کیلئے پارٹی الیکشن کروائے جائیں گے۔ ملاقات میں سینٹ انتخابات‘ احتساب عدالت میں کیسز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔