نوازشریف کی اداروں سے ٹکرائو کی پالیسی جمہوریت اور ملک کے لئے زہر قاتل ہے: زرداری
اسلام آباد/ لاہور (وقائع نگار خصوصی/ اے این این) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین وسابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ شریف فیملی سزا سے بچنے کیلئے ملکی اداروں پر تنقید کر کے کوانہیںکمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے، نوازشریف کی ٹکرائو کی پالیسی جمہوریت اور ملک کیلئے زہر قاتل ہے،عوام کی دولت لوٹنے والوں کوکڑی سزا ملنی چاہیئے،پارٹی ممبر سازی مہم میںبڑی پزیرائی مل رہی ہے ،اس سے پارٹی مزید فعال ہوگی، انشاللہ 2018ء میںپنجاب کو پیپلز پارٹی کا مضبوط گڑھ بنا دیا جا ئیگااور دوسرے صوبوں کی طرح یہاں میں بھی حکومت بنائیںگے ۔ اتوار کوخصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک منظم اور عوامی دلوں پر راج کرنے والی جماعت ہے ، غریب عوام اورمعاشرے کے محروم طبقوں کے حقوق کیلئے جدوجہد پر یقین رکھتی ہے، حقیقی انقلاب بلاول بھٹوزرداری ہی لائیں گے، فرسودہ نظام کا خاتمہ کر کے ملک کوتمام بحرانوں سے نکالیں گے اورکرپشن کا خاتمہ کر یں گے ۔ انہوں کہاکہ ملک کے اثاثے اونے پونے داموں بیچے جارہے ہیں، عوام کے مسائل پر کام نہیں ہورہا، مہنگائی عروج پرپہنچ گئی ہے صحت اور تعلیم کی حالت ابتر ہے ،عوام کے بنیادی حقوق کی طرف حکمرانوں کی توجہ نہیں ۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے عوام کوایک نئی سوچ دی اور غریبوں کو جینے کا حوصلہ دیا، شہید بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے عوام کے حقوق اور جمہوریت کے فروغ کے لئے اپنی جانیں قربان کیں،ملک میں پیپلز پارٹی کی قربانیوں سے لایا گیا جمہوری نظام اب ڈیل ریل نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات صاف شفاف ہوں گے،کسی قسم کی دھاندلی نہیں ہونے دیں گے،پہلے شریفوں نے مینڈیٹ چوری کیا تھا،آئندہ الیکشن میں کوئی بھی ووٹ چوری نہیں کر سکے گا، شفاف الیکشن ہو گا ،ہم نے پارلیمنٹ سے بل پاس کروا لیا، اب دھاندلی نہیں ہو سکے گی،انشااللہ چاروں صوبوں سے جیتیں گے،لاہور سمیت پنجاب کو پیپلز پارٹی کا مضبوط گڑھ بنا دیا جائے گا۔ دریں اثناء بلاول ہاؤس اسلام آباد میں اوکاڑہ اور راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے عہدیداران اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ جب پی پی حکومت میں آتی ہے تو غریب کا حق غریبوں تک پہنچتا ہے۔ موجودہ حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی نے ملک کا وقار مجروح کر دیا ہے۔ پی پی پی ہمیشہ آزاد خارجہ پالیسی پر یقین رکھتی ہے۔ آزاد خارجہ پالیسی بی بی شہید کا فلسفہ تھا خواتین کو بااختیار بنانا ان کا مشن تھا۔