عدلیہ کیخلاف مہم اداروں میں محاذ آرائی کی کوشش ہے‘ بلاول
فیصل آباد (اے این این) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی چیئرمین بلاول بھٹونے کہاہے کہ (ن) لیگ عدلیہ کیخلاف مہم چلا کرریاست کیخلاف بغاوت پر اتر آئی ہے ،پنجاب بیورو کریسی کی ہڑتال دراصل ملک کیخلاف اعلان جنگ ہے ، آئینی اداروں میں محاذ آرائی پیدا کرنے کی کوششیں ملک اور جمہوریت کے مفاد میں نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے فیصل آباد میںرکنیت سازی مہم کے سلسلہ میں پارٹی عہدیداران وکارکنان سے ویڈیو لنک پر خطا ب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کی عدلیہ مخالف مہم ریاست سے بغاوت کے مترادف ہے، آئینی ڈھانچے کے اہم ترین ستون سپریم کورٹ کو بطور ادارہ نشانہ بنانا ملک دشمنی ہے ،(ن )لیگ نے عدلیہ دشمنی میں ہر حد عبور کر لی ہے، نواز لیگ کی جانب سے محاذ آرائی کی پالیسی کیا گل کھلائے گی ؟آج کل حکمران اشرافیہ جو بیانیہ بنانے کی کوشش میں مصروف ہے، مایوسی کے سواء کچھ نہیں ملے گا،شریفوں کا کوئی مستقبل نہیں، پنجاب میں بیورو کریسی کی ہڑتال پاکستان کی ریاست کے خلاف دراصل اعلان جنگ ہے، آئینی اداروں میں محاذ آرائی پیدا کرنے کی کوششیں ملک اور جمہوریت کے مفاد میں نہیں۔بلاول نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کا وجود پنجاب میں ختم کرنے والے خود صفحہ ہستی سے مٹ گئے لیکن پیپلزپارٹی اور بھٹو ازم کو مٹا نہ سکے پنجاب بھر کی طرح فیصل آباد میں پارٹی رکنیت سازی کا سلسلہ کا باضابطہ آغاز کردیا گیا ہے میرے پاکستان کے غیور 63فیصد نوجوان ‘محنت کش ‘مزدور کسان اور خواتین پیپلزپارٹی کی عوامی پالیسیوں کو مضبوط کرنے کیلئے میراساتھ دیں، رکنیت سازی فیصل آباد ڈویثرن ‘ڈسٹرکٹ ‘تحصیل اور سٹی سمیت سٹی کونسل لیول پر کی جائے گی پارٹی کارکن اس میں بھرپور حصہ لیں تاکہ پیپلزپارٹی قائد عوام شہید بھٹو بے نظیر کے عوامی فلسفے کو عام کرنے مدد مل سکے۔