تحریک انصاف کا4 مارچ کو کراچی سے ملک گیر رابطہ عوام مہم شروع کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد+ لاہور (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کا اجلاس ہوا۔ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں پنجاب میں کرپشن کیخلاف مہم میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فیصل سبحان کی کھوج کیلئے ’’تلاش گمشدہ‘‘ مہم کے باقاعدہ آغاز کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ عمران خان نے پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کو فیصل سبحان کی کھوج لگانے کی ہدایت کی۔ عمران نے فیصل سبحان کے معاملے پر عدالت سے رجوع کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ملک گیر سطح پر عوامی رابطہ مہم کے آغاز کا بھی اعلان کیا گیا۔ عوامی رابطہ مہم کا آغاز 4 مارچ کو کراچی سے کیا جائے گا۔ عوامی رابطہ مہم کا مرحلہ لاہور میں اختتام پذیر ہو گا۔ عابد باکسر کی حفاظت سے متعلق ہر سطح پر آواز اٹھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کی پانامہ لیکس اب منظر عام پر آئی ہے۔ فیصل سبحان نے ملتان میٹرو منصوبے میں بدعنوانی کا اعتراف چینی حکام کے سامنے کیا۔ فیصل سبحان نے اعتراف کیا کہ شہباز شریف، ان کے خاندان کے بیرون ملک اکائونٹس میں کمیشن منتقل کیا۔ اعتراف کے بعد فیصل سبحان کو غائب کردیا گیا۔ پنجاب کی نوکر شاہی کا کردار بے نقاب ہو گیا ہے۔ فیصل سبحان کی گمشدگی کی عدالتی تحقیقات کی جائے۔ سپریم کورٹ سے استدعا ہے کہ میٹرو، اورنج لائن معاہدے قوم کے سامنے لائے۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف نے احد خان چیمہ کی گرفتاری سے سامنے آنے والی صورتحال کے بعد عام انتخابات میں انتظامی عہدوں پر تعینات افسروں کی تبدیلی کیلئے بھرپور دبائو بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، حکمرانوں سے وابستگی رکھنے والے افسران کوکیٹگریز میں تقسیم کر کے باقاعدہ فہرستیں بھی مرتب کی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد اعلیٰ انتظامی افسران کے احتجاج اور خصوصاً پنجاب حکومت کی جانب سے اظہار یکجہتی کو تحریک انصاف نے انتہائی سنجیدگی سے لیا ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ عام انتخابات سے قبل پنجاب کی تمام بیوروکریسی کو تبدیل کرانے کیلئے حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد پنجاب کی موجودہ بیورو کریسی سے شفافیت اور غیر جانبداری کی توقع رکھنا حماقت ہوگی۔دریں اثناء تحریک انصاف نے عام انتخابات کیلئے قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کا اعلان مارچ میں کر نے کا فیصلہ کرلیا۔ امیدواروں کا خفیہ سروے بھی کروایا جائیگا۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے الیکشن کے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دینے کیلئے مشاورت شروع کردی۔ عمران خان نے مارچ میں پارلیمانی بورڈ کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔ حلقہ بندیاں فائنل نہ ہونے کی بنیاد پر امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل نہیں دی جاسکی ہے لیکن مارچ کے پہلے ہفتے میں حلقہ بندیوں کے اعلان کے ساتھ ہی تحر یک انصاف اپنے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دیگی۔