پرائس کنٹرول کمیٹی کا اتوار بازار کا دورہ، کم تولنے پر تین سٹالز منسوخ، مقدمات درج
لاہور (خبر نگار) چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے وحدت روڈ اتوار بازار کا دورہ کر کے اشیائے خوردونوش کے معیار اور سر کاری نرخوں کے مطابق فروخت کا تفصیلی جائزہ لیا، کم تولنے اور دیگر شکایات پر تین سٹالز فوری منسوخ جبکہ دو دکانداروں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کرا دیا گیا۔ اس موقع پر میاں عثمان نے کہا کہ کسی کو بھی عوام کی جیبوں پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ اتوار بازار کے طے شدہ ضابطے کی خلاف ورزی پر کسی سے رعایت نہیں برتی جائے گی۔ میاں عثمان نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے پیشگی منصوبہ بندی شروع کر دی گئی ہے، اوپن مارکیٹوں میں تمام اشیائے خوردونوش خصوصاً پھلوں اور سبزیوں کی سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت کو یقینی بنانے کیلئے مضبوط میکنزم بنایا جائے گا۔