یورپی یونین کی طرف سے جی ایس پی پلس میں مزید رعایت خوش آئند ہے: عرفان اقبال
لاہور(نیوزرپورٹر)پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ کے چیئر مین عرفان اقبال شیخ سینئر وائس چیئر مین تنویر احمد صوفی اور وائس چیئر مین خواجہ شاہ زیب اکرم نے یورپین یونین کی طرف سے مزید دو سال تک جی ایس پی پلس کی رعایت جاری رکھنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور اسے ملکی معیشت کی طرف ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جی ایس پی پلس سکیم کا فائدہ نہیں اٹھا پا رہے ہیں چونکہ گذشتہ تین سالوں سے ہمارا برآمدی ہدف پورا نہیں ہوپارہا ۔ جی ایس پی پلس سکیم فیز ٹو سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے ایک جامع ٹریڈ پالیسی کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستانی مصنوعات کی پیداواری لاگت زیادہ ہے اور پاکستان کی برآمدات مخصوص مصنوعات اور مخصوص ممالک تک محدود ہیں جن کی وجہ سے ہم برآمدات بڑھانے کا خواب پورا نہیں کرپا رہے اور اس سکیم سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھا سکے کیونکہ صنعت و تجارت کے شعبے کو پچھلے چند سالوں سے مختلف مسائل کا سامنا رہا ہے۔