لاہور کو ناقص اور مضر صحت پتی فراہم کرنے والی فیکٹری پکڑی گئی
لاہور (صباح نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مضر صحت پتی فراہم کرنے والی فیکٹری پکڑ لی۔ مانگا منڈی کے مضافات میں عطا فوڈز پروڈکشن نامی فیکٹری پر چھاپہ مارا گیا تو وہاں پر جعلی پتی تیار کی جارہی تھی۔ اے ڈی جی آپریشنز رافیعہ حیدر نے بتایا کہ کاروائی کے دوران فیکٹری سے 4 ہزار کلو سے زائد پتی، 2 پیکنگ مشینیں، تیار رنگ کے 5 ڈرم جبکہ بھاری مقدار میں پیکنگ مٹریل برآمد کر لیا گیا۔ بھاری مقدار میں چوکر، برادہ اور دیگر ملاوٹی اجزاءبھی برآمد کر لیے گئے۔ رنگ زدہ پتی تیار کر کے مختلف ناموں سے پیک کی جاتی تھی۔ جعلی پتی کو کینیا اور دیگر ممالک سے درآمد کردہ بتایا جاتا تھا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مزید کاروائیاں کرتے ہوئے ایم ایم عالم روڈ پر معروف بیکری کو بھی سیل کر دیا گیا۔ بیکری کو وارننگ نوٹس پر عمل نہ کرنے، ناقص اشیاءکے استعمال پر سیل کیا گیا۔ چوبرجی کے علاقے میں معروف بروسٹ پوائنٹ کو بھی سیل کر دیا گیا۔بروسٹ پوائنٹ کو ناقص اجزاءاور بدترین صفائی پر سیل کیا گیا تاہم سیل ہونے کے بعد بھی کام کرنے کی کوشش پر بروسٹ پوائنٹ کے خلاف مقدمہ بھی درج کروایا گیا۔