سانگلہ ہل: کرایوں میں اضافہ، دکانداروں کو ہراساں کرنے پر انجمن تاجران کا احتجاج
سانگلاہل (نمائندہ نوائے وقت)مقامی انجمن تاجران قادری بازار سبزی منڈی کا اجلاس سبزی منڈی میں ہوا،جس کی تنظیم سازی کی گئی ،اتفاق رائے سے شیخ محمدشریف سرپرست اعلیٰ ، میاں مجاہد علی سرپرست،شیخ غلام نبی چیئرمین،رانا محمدعمران صدر، عمران اسلم سینئر نائب صدر، رانا کاشف نائب صدر، فیصل شہزاد بھٹی جنرل سیکرٹری، ملک ذولفقار علی جوائنٹ سیکرٹری، غلام شیبر فنانس سیکرٹری، میاں محمود چیئرمین مجلس عاملہ منتخب ہو گئے، اس موقعہ پر انجمن تاجران کے عہدیداروں اور ممبران نے مارکیٹ کمیٹی کی طرف سے سہولیات فراہم نہ کرنے ،کرایوں میں کئی گنا غیر قانونی اضافہ کرنے،ملازمین کی طرف سے دکانداروں کوہراساں کرنے اور دکانوں کی الاٹمنٹ کی دھمکیوں کیخلاف شدید احتجاج کیا،مارکیٹ کمیٹی منڈیوں میں تاجروں اور دکانداروں کو سہولیات کی فراہمی میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے،لوٹ مار کا بازار گرم ہے،ملازمین غیر قانونی طور پر منہ مانگا کرایہ ادا کرنے پر مجبور کرتے ہیں،،منڈیوں میں صفائی کا کوئی نظام نہیں،دکاندار اپنے مدد آپ کے تحت20روپے فی دکان دے کر صفائی کرواتے ہیں،نکاسی آب کا بھی برا حال ہے، صدر رانا عمران اورجنرل سیکرٹری فیصل شہزاد بھٹی نے کہا کہ ہم نے حکام بالا کو درخواستیں دی ہیں مگر تاحال ہماری کوئی شنوائی نہیں ہوئی،اگر ہمیں انصاف نہ ملا تو ہم عدلیہ سے رجوع کریں گے۔