عالم اسلام کو ٹکڑوں میں تقسیم کرکے ذبح کیا جا رہا ہے: طاہر اشرفی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)شامی مسلمانوں پر ہونے والے مظالم اور امریکی سفارتخانے کا القدس منتقل کرنے کا اعلان عالم اسلام کو اتحاد اور وحدت کا درس دیتا ہے ، پاکستان علماءکونسل کے تحت 28 فروری کو اسلام آبا دمیں ”ندائے امت کانفرنس“ ہو گی جس میں مختلف مکاتب فکر کے نمائندے اور مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین شریک ہوں گے ، یہ بات پاکستان علماءکونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اپنے ایک بیان میں کہی ، انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کو ٹکڑوں میں تقسیم کر کے ذبح کیا جا رہا ہے ، لیبیا ، عراق ، شام اور یمن کی تباہی امت مسلمہ کو غور و فکر کی دعوت دے رہی ہے۔عالم اسلام کے حکمران اپنی بے حسی ، بے بسی اور مصلحتوں کے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں ، اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادیں بے معنی ہو کر رہ گئی ہیں۔ محراب و منبر کے وارثوں نے بھی خاموشی اختیار کر لی ہے۔، ان حالات میں مسلمانوں پرذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ہر قسم کے فروعی اختلافات کو چھوڑ کر شام کی عوام پر ہونے والے مظالم اور امریکی سفارتخانے کو القدس منتقل ہونے سے روکیں ۔