نگران وزیراعظم: خورشید شاہ ا پوزیشن جماعتوں سے مشاورت کرینگے
اسلام آباد (صباح نیوز) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ آئندہ ماہ مارچ کے پہلے ہفتے میں اپوزیشن جماعتوں سے نگران وزیراعظم کی نامزدگی کیلئے ابتدائی تجاویز پر تبادلہ خیال کریں گے۔ قائد حزب اختلاف کی طرف سے بالواسطہ طور پر ان جماعتوں کو پیغامات بھجوا دیئے گئے تین مارچ کو پارلیمنٹ ہائوس میں اسلام آبادکی سینیٹ کی دو نشستوں کیلئے ہونے والی پولنگ کے موقع پر اراکین قومی اسمبلی اکٹھے ہوں گے۔ اپوزیشن جماعتوں کا مشاورتی اجلاس بھی متوقع ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پارلیمنٹ ہائوس میں اپوزیشن کے اس متوقع اکٹھ کے موقع پر اپوزیشن لیڈر کی طرف سے نگران وزیراعظم کی نامزدگی کیلئے اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کریں گے۔ خورشید شاہ کو اس ضمن میں پارٹی قیادت کا بھی اعتماد حاصل ہے ۔ یادر ہے کہ 2013ء کے نگران سیٹ اپ کے موقع پر مرکز میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان نگران وزیراعظم کی نامزدگی کیلئے اتفاق رائے نہ ہونے پر یہ نامزدگی الیکشن کمیشن کی طرف سے کی گئی ۔ اپوزیشن نے اس قسم کی صورتحال سے بچنے کیلئے اس معاملے پر مشاورت شروع کردی ہے ۔ توقع ہے کہ اس بار 2013ء کی صورتحال پیدا نہیں ہوگی اور وزیراعظم اور قائد حزب اختلا ف باہمی مشاورت سے نگران وزیراعظم کی نامزدگی کیلئے کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔
خورشید شاہ / مشاورت