شام میں مسلمانوں کے قتل پر حکمرانوں کی خاموشی المیہ ہے‘ قاری عثمان
کراچی (نیوز رپورٹر) جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہا کہ شام کے شہر غوطہ میں مسلمانوں کا قتل عام تاریخ کا بدترین ظلم اور مسلم حکمرانوں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے اسلام زندہ باد کانفرنس میں شام اور برما کے مسلمانوں سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کی جائے گی‘ جمعیت علماء اسلام دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ہے وہ محمدی کالونی اور مومن آباد میں اجتماعات سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر مولانا عمر صادق‘ ماما جہانزیب‘ قاری محمد شفیع‘ مولانا امداد اللہ محسود‘ مولانا حفیظ اللہ لاشاری‘ مولانا مقصود احمد عباسی‘ مولانا محمد رحیم‘ مولانا گل محمد ‘مولانا نعمت اللہ‘ مفتی نظام الدین‘ مولانا رشید احمد ‘ سید الطاف شاہ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ اہل کراچی 22 مارچ کو ہونے والی اسلام زندہ باد کانفرنس میں ریکارڈ شرکت کرکے یہ ثابت کریں گے کہ اہل کراچی مغربی کلچر اور برہنہ معاشرے کو مسترد کرتے ہوئے اسلام کے نظام عدل کے نفاذ کیلئے جمعیت علماء اسلام کے اسلامی انقلابی جدوجہد کے ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے ۔قاری محمد عثمان نے کہا کہ یہودی ایجنٹوں کا تعاقب جاری رکھا جائے گا‘ پاکستان اسلام کے مقدس نام پر حاصل کیا گیا تھا مگر اب تک وہ مقاصد حاصل نہ کرنا سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا ئے کفر اسلام اور اہل اسلام پر حملہ آور ہے‘ شام کے ہزاروں نہتے ننھے منے معصوم بچوں‘ خواتین‘ بزرگوں اور نوجوانوں کا قتل عام‘ شہروں کو بارود کا ڈھیر بنانا تاریخ کا بدترین ظلم ہے۔