سانحہ کوٹ رادھا کشن 2 اے ایس آئی ذمہ دار قرار، ایک جبری ریٹائر
اسلام آباد (آن لائن) کوٹ رادھا کشن میں مسیحی جوڑے کو بھٹے میں جلانے کے معاملہ پر آئی جی پنجاب نے پولیس افسروں کیخلاف کارروائی کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اے ایس آئی عبدالرشید اور ایس آئی محمد علی کو انکوائری کے بعد ناخوشگوار واقعہ کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ اس انکوائری رپورٹ کی روشنی میں اے ایس آئی عبدالرشید کو جبری طور پر ریٹائر کردیا گیا ہے جبکہ ایس آئی محمد علی کی سروس میں دو سال کی تنزلی کردی گئی ہے۔ اے ایس آئی عبدالرشید کو بھٹہ مالک نے متوقع واقعہ سے آگاہ کیا تھا جس نے آگے کسی افسر کو نہیں بتایا جبکہ ایس آئی محمد علی نے بھی کوئی اقدام نہیں کیا۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ لوگوں کو فساد پر اکسانے والوں کیخلاف بھی کارروائی کی گئی ہے اور اس حوالے سے گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں۔ گرفتار ملزمان کے چالان مکمل کرلئے گئے ہیں جن کو ماتحت عدالت میں جمع کرادیا گیا ہے۔