آئندہ برسوں میں آبدوزیں، بحری جنگی جہاز، مصنوعی سیارے، بین البراعظمی بیلسٹک میزائل، ہیلی کاپٹر، لڑاکا طیارے اور ٹینک خریدے جائیں گے
ماسکو (آئی این پی) روس کے وزیراعظم ولادیمیر پیوٹن نے روسی افواج کیلئے بڑی تعداد میں جدید اسلحہ خریدنے کا اعلان کیا ہے۔ آئندہ برسوں میں 29 نئی آبدوزیں، 50 بحری جنگی جہاز، فوجی مقاصد کیلئے 100 مصنوعی سیارے، 400 نئے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل، 6 سو ہیلی کاپٹر، 6 سو نئے لڑاکا طیارے اور 300 ٹینک خریدے جائیں گے۔ گزشتہ روز وزیراعظم نے روسی افواج کے کمانڈروں کے ساتھ ایک اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان خریداریوں کے نتیجے میں کل ملکی بجٹ میں دفاع کا حصہ 3 فیصد سے بڑھ کر آئندہ دس برسوں میں دگنا یعنی 6 فیصد ہوجائیگا۔ روسی افواج کے کمانڈروں کے ساتھ ایک اجلاس میں روسی وزیراعظم نے یورپ میں میزائل دفاعی نظام کے امریکی منصوبے کا موثر اور یکساں جواب دینے کا بھی وعدہ کیا۔ واضح رہے کہ امریکہ اپنے نیٹو اتحادیوں کو ایران کے ممکنہ میزائل حملوں سے محفوظ رکھنے کیلئے یورپ میں میزائل دفاعی نظام کی تنصیب چاہتا ہے لیکن روس اس منصوبے کی سخت مخالفت کررہا ہے۔ دوران اجلاس روسی صدر نے ان جاسوسوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے مبینہ سرد جنگ کے آغاز میں امریکہ کے ایٹم بموں کے ڈیزائن چرا کر روس منتقل کئے تھے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم پیوٹن آئندہ ماہ ہونیوالے صدارتی انتخاب میں اہم امیدوار ہیں اور مبصرین انکے حالیہ اعلانات کو روس کی دفاعی صنعت سے منسلک ڈھائی لاکھ سے زائد افراد کی حمایت کے حصول کا ایک حربہ قرار دے رہے ہیں۔