لاہور (نامہ نگار) سمن آباد کے علاقہ ملت پارک میں رشتے سے انکار پر نوجوان نے گھر میں گھس کر لڑکی، اس کی والدہ، نانی اور 2 سالہ بھائی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور گھر میں پٹرول چھڑک کر آگ لگانے کے بعد خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کر لی۔ تفصیلات کے مطابق ملت پارک کے علاقہ اسلام آباد کالونی، تیلیوں والا محلہ کے رہائشی اور نائب قاصد کچہری عبدالرزاق کی بیٹی 15 سالہ زینت جو میٹرک کی طالبہ تھی کی 2 برس سے محلے دار نوجوان عرفان فاروق سے دوستی تھی۔ محلے داروں کے مطابق زینت تین ماہ قبل عرفان کے ساتھ گھر سے بھاگی بھی تھی تاہم چند روز بعد واپس آگئی تھی۔ فاروق نے اس حرکت پر اپنے بیٹے عرفان کو آبائی علاقہ گوجرانوالہ بھجوا دیا تھا۔ چند روز سے عرفان دوبارہ یہاں دیکھا جارہا تھا۔ ادھر زینت کے گھر والوں نے اس رشتہ سے صاف انکار کر دیا تھا۔ تاہم منع کرنے کے باوجود زینت عرفان سے ملتی رہتی تھی۔ رشتہ نہ ملنے کی رنجش پر گذشتہ روز 23 سالہ عرفان مسلح ہو کر زینت کے گھر گھس گیا اور اندر سے کنڈی لگا کر فائرنگ کر کے زینت، اس کی ماں 35 سالہ یاسمین، نانی 60 سالہ گلزار بی بی اور بھائی اڑھائی سالہ زین العابدین کو قتل کر دیا جبکہ 6 سالہ حمزہ نے بیڈ کے نیچے چھپ کر جان بچائی۔ چاروں کو قتل کرنے کے بعد عرفان نے گھر کو پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ فائرنگ کی آواز سن کر اہل علاقہ اکٹھے ہوگئے اور پولیس کو اطلاع کر دی۔ کچھ دیر بعد عرفان نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کر لی۔ پولیس اوپر والی منزل کا دروازہ کھول کر گھر میں داخل ہوئی تو خون میں لت پت 5 نعشیں پڑی تھیں جبکہ کمرے اور کچن میں آگ لگی ہوئی تھی۔ پولیس اور امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کر کے آگ پر قابو پا لیا۔ تاہم نعشیں محفوظ رہیں۔ پولیس نے موقع سے دو پسٹل قبضہ میں لے کر نعشوں کو پوسٹ مارٹم کےلئے مردہ خانہ بھجوا کر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ اندرونی مناظر اور ہر طرف بکھرا خون دیکھ کر گھر میں داخل ہونے والے تمام افراد کے دل دہل گئے۔ بدقسمت خاندان کا سربراہ عبدالرزاق ڈیوٹی، اس کی بیٹی 5 سالہ ایمن ٹیوشن پر جبکہ بیٹے 16 سالہ بلال اور 7 سالہ حارث اتفاقیہ طور پر گھر سے باہر ہونے کے باعث بچ گئے۔ عبدالرزاق کی ساس زینت کی نانی پکی ٹھٹھی میں اپنے رشتہ داروں کے ہاں محفل میلاد میں شرکت کےلئے باغبانپورہ سے اپنی بیٹی کے گھر آئی ہوئی تھی۔ عرفان کے اہلخانہ محلہ میں کرایہ دار ہیں۔ اس کے والدین گذشتہ صبح سے گھر میں نہیں تھے اور واردات کے بعد اس کے بھائی بھی گھر کو تالہ لگا کر غائب ہوگئے ہیں۔
4 قتل/ خودکشی
4 قتل/ خودکشی