اسلام آباد (ایجنسیاں) بےنظیر بھٹو شہید کے قتل کی تحقیقات کرنے والے اقوام متحدہ کمشن نے رحمن ملک سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق صدر زرداری نے کمشن کو آرمی چیف سے ملاقات اور ایم آئی حکام کے بیانات ریکارڈ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق رحمن ملک سے ملاقات میں اقوام متحدہ ٹیم نے تحقیقاتی عمل کو آگے بڑھانے میں مکمل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ وفد کے ارکان کا کہنا تھا کہ حکومتی تعاون کی وجہ سے کمشن آزادانہ طور پر تحقیقات کے عمل کو آگے بڑھا رہا ہے۔ اس موقع پر کمشن نے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کرنے پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔ ایک رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل نے ملاقات کیلئے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تاہم بعد میں جب حکومت نے ان کے خدشات دور کئے تو وہ اقوام متحدہ کی تین رکنی تحقیقاتی ٹیم سے ایجنسی کے اسلام آباد کے ہیڈ کوارٹر میں ملاقات کرنے پر رضامند ہو گئے۔ دوسری طرف ذرائع نے بتایا کہ صدر زرداری نے تحقیقاتی کمشن کو آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور ایم آئی کے حکام کے بیانات ریکارڈ کرنے کی بھی اجازت دیدی ہے یہ کمشن جلد ان سے ملاقات کریگا۔اس سے قبل جنوری میں حکومت نے کمشن کی اس قسم کی درخواست مسترد کردی تھی۔
کمشن / اجازت
کمشن / اجازت