رچرڈ گرینل کا شدید ردعمل‘ خواجہ آصف کا بیان احمقانہ اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیدیا

Dec 26, 2024 | 13:55

حالیہ الیکشن میں منتخب ہونے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر رچرڈ گرینل نے شدید ردعمل دیتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان کو احمقانہ اور غیر ذمہ دارانہ قرار دے دیا، زیک گولڈ سمتھ اور امریکی سیاسی تجزیہ کار مائیکل کوگلمین نے بھی ن لیگی رہنماء کو شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔ 

تفصیلات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد کردہ خصوصی ایلچی رچرڈ گرینل نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارتخانے اور سفیر رضوان شیخ کو کچھ وضاحتیں دینی ہوں گی کیوں کہ پاکستان کے وزیردفاع کی طرف سے جان سے مارنے کی دھمکیاں اور آپریشن گولڈ سمتھ جیسی احمقانہ باتیں غیر ذمہ دارانہ گفتگو ہے، اس بات کا بھی جائزہ لیا جائے کہ امریکہ ٹیکس دہندگان کے پیسوں سے پاکستان کو کیا امداد فراہم کرتا ہے؟۔ اسی معاملے پر اپنے بیان میں عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما کے بھائی زیک گولڈ سمتھ کا مسلم لیگ ن کے رہنماء خواجہ آصف کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ پاکستان کا وزیر دفاع ہے یعنی ایک ذمہ دار عہدے پر بیٹھا آدمی جس نے "آپریشن گولڈ سمتھ‘" کے نام سے ایک چیز ایجاد کی ہے، سیاسی کیرئیر کے دوران خواجہ آصف پر جن جرائم کے الزامات لگائے گئے ان کی طویل فہرست کو دیکھ کر میں ان کے رویے سے حیران نہیں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں اسرائیلی نہیں یا کسی بھی طرح سے اسرائیل سے جڑا ہوا نہیں ہوں، میں نے افسوس کے ساتھ صرف ایک بار ہی آپ کے خوبصورت ملک کا دورہ کیا ہے، میں نے کبھی پاکستان میں کسی بھی قسم کی سیاست کو براہ راست یا بلاواسطہ مالی امداد نہیں دی لیکن میں خوشی خوشی عمران خان کیلئے عطیہ کروں گا کیوں کہ خواجہ آصف کے برعکس وہ ایک ایماندار آدمی ہیں اور صرف پاکستان کے بارے میں سوچتے ہیں، انہوں نے کبھی امداد کیلئے نہیں کہا اور نہ ہی کبھی کہیں گے۔ خواجہ آصف کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے امریکی سیاسی تجزیہ کار مائیکل کوگلمین کہتے ہیں کہ پاکستان کے وزیر دفاع کی جانب سے عمران خان کو ”اسرائیلی اثاثہ“ قرار دیا گیا ہے اور وہ سابق وزیراعظم کی رہائی کے لیے عالمی مطالبات کو اسرائیل کی طرف سے سپانسر شدہ سازش کے طور پر پیش کررہے ہیں جو صریحاً مضحکہ خیز بات ہے کیوں کہ عمران خان کے حق میں بات کرنے والوں میں شامل بہت سے غیرملکی افراد کھل کر اسرائیل پر تنقید کرتے ہیں۔

مزیدخبریں