وزیر اعلیٰ پنجاب کی یوم قائد اور کرسمس کی تقریبات پر بہترین سکیورٹی انتظامات پر کابینہ کمیٹی ' پولیس اورانتظامیہ کو شاباش
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یوم قائد اور کرسمس کی تقریبات کے موقع پر بہترین سکیورٹی انتظامات پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان ' پولیس،انتظامیہ اور قانو ن نافذ کرنے والے اداروں کو شاباش دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قیام امن سے متعلقہ تمام ادارے بہترین کارکردگی پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے متعلقہ اداروں اور حکام نے بہترین طریقے سے فرائض سرانجام دیئے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور پنجاب حکومت کے موثر اقدامات کے باعث صوبے بھر میں یوم قائد اور کرسمس کی تقریبات پرامن ماحول میں منعقد ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں مسیحی برادری نے محفوظ اوربہترین ماحول میں کرسمس کی تقریبات منائیں اور یوم قائد کی تقریبات کیلئے بھی شاندار انتظامات کئے گئے، جس پر میں متعلقہ اداروں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ کابینہ کمیٹی کے تمام اراکین نے دن رات محنت کر کے امن عامہ کے قیام کا قومی فریضہ بطریق احسن سرانجام دیا۔ صوبائی اداروں اور محکموں کے ساتھ متعلقہ ایجنسیوں کی کوآرڈینیشن بہترین رہی۔ تمام محکموں اوراداروں نے جس طرح ایک ٹیم ورک کے طور پر کام کیا وہ قابل تحسین ہے۔ انہوںنے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے متعلقہ اداروں اور حکام نے فعال انداز میں فرائض سرانجام دیئے۔ اسی جذبے ، محنت اور عزم کے ساتھ آئندہ بھی قیام امن کیلئے کام کرنا ہے۔