بامعنی تبدیلی بغیر معاشی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، صادق ملک

Dec 26, 2019

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)معروف دانشور ، زرعی ماہر اور ، رورل ڈیویلپمنٹ فاونڈیشن پاکستان کے بانی سربراہ ڈاکٹرمحمد صادق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کی ستر فیصد دیہی آبادی کی زندگی میں بامعنی تبدیلی لائے بغیر ملک میں معاشی و اقتصادی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے یہ بات اپنی تنصیف ’’مربوط دیہی ترقی‘‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں سابق وفاقی محتسب جاوید صادق ملک ،پی سی پی کی سربراہ شازیہ امجد ،چیف ایگزیکٹو آفیسر وزرات فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈیویلپمنٹ بورڈ، ڈاکٹر فتاح اللہ خان، ممبر سوشل سائنسز بارانی زرعی یورنیورسٹی راولپنڈی ڈاکٹر عمر فاروق ، ڈاکٹر واجد پیرزادہ ، مختلف اداروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں اور رورل ڈیویلپمنٹ فاونڈیشن پاکستان کے عہدیداران اور ڈیویلپمنٹ کے نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کے دوران ڈاکٹر محمد صادق ملک نے پاکستان میں دیہی ترقی کے مختلف ادوار کا اجمالی خاکہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ انہوںنے ستر کی دہائی میں دیہی ترقی کے عمل میں بھرپور حصہ لیا اور اپنے علم اور تجربے کی روشنی میں وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ حکومت کی سیاسی پذیرائی اور سرپرستی کے بغیر حقیقی معنوں میں دیہی آبادی کو معاشی ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار نہیں کیا جاسکتا۔ رورل ڈیویلپمنٹ فاونڈیشن پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر واجد پیزادہ نے کہاکہ انٹرنیشنل فنڈ برائے زرعی ترقی کے مطابق نوجوان نسل کی دیہی ترقی کے عمل میں شرکت ضروری ہے ۔ سابق وفاقی محتسب جاوید صادق ملک نے کہاکہ ان کے والد محترم ڈاکٹر صادق ملک نے علمی اور تحقیقی شعبے میں جو کارہائے نمایاں سر انجام دیئے ہیں وہ نوجوان سائنٹسٹس اور ڈیویلپمنٹ سیکٹر سے وابستہ نوجوانوںکے لئے مشعل راہ ہیں۔ اپنی زندگی کی 99 بہاریں دیکھنے والے پاکستان کے ممتاز زرعی ماہر ڈاکٹر محمد صادق ملک کی کتاب کی تقریب رونمائی میں ان کے پڑنواسے اور پڑپوتوں نے بھی شرکت کی۔

مزیدخبریں