خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس،تمام اضلاع میں منصوبوں کو مساوی فنڈز دینے کیلئے بحث منظور کرلی گئی
پشاور:خیبرپختونخوا اسمبلی نے تمام اضلاع میں منصوبوں کو مساوی فنڈز دینے کیلئے پی ٹی آئی کے منشور کے مطابق اسمبلی میں بحث کرانے کی منظور ی دیدی جبکہ صحت انصاف کارڈ کو یونیورسل ہیلتھ کوریج کے ایس ڈی جیز کے مطابق بنانے کیلئے اسٹینڈنگ کمیٹی میں مزید بہتری کیلئے سوال کو بجھوا دیا ۔خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس بدھ کے روز سپیکر مشتاق غنی کی صدارت میں منعقد ہوا ۔وقفہ سوالات میں جماعت اسلامی کے رہنماء اور ایم ایم اے کے رکن اسمبلی اور سابق سینئر وزیر عنایت اللہ نے محکمہ صحت کے حوالے سے اپنے سوالات ایوان میں پیش کئے جس پر وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ نے ایوان کو بتایا کہ تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز،تحصیل کوارٹرز ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے جبکہ بی ایچ یوز کو بھی تمام سہولیات دی جارہی ہیں اور صوبے کے بڑے ہسپتالوں پر رش کم کرنے کیلئے ایک مکینزم تیار کیاگیا ہے جس کے مطابق تمام ہسپتالوں میں اہم ڈاکٹر تعینات کئے جائیں گے ۔وزارت ترقیاتی منصوبہ بندی سے متعلق عنایت اللہ کے سوال کے جواب میں وزیر قانون سلطان محمد خان نے بتایا کہ یہ ایک اہم سوال ہے اور اس پر ایوان میں بحث کرنے کیلئے تیار ہیں کیونکہ پی ٹی آئی کے منشور میں تمام اضلاع کی پسماندگی دور کرنے کی بات کی گئی ہے ۔اس موقع پر عنایت اللہ نے ایوان کو بتایا کہ اس سوال کو لانے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ پسماندہ علاقوں کو دیگر ترقیافتہ شہروں کے برابر لانے کیلئے فنڈز کی مساوی تقسیم کی جائے اور سالانہ ترقیاتی فنڈز میں ماضی میں جو اثر ورسوخ کی بنیاد پر دیئے جاتے تھے اس کے بجائے پسماندگی پر دیئے جائیں اور پی ٹی آئی کے منشور کے مطابق اے ڈی پی استعمال کی جائے جس پر وزیر قانون نے اس کی حمایت کی جس پر عنایت اللہ نے رولز 48کے تحت بحث کرانے کا نوٹس دیدیا ۔