سپیکر کی نور الحق قادری سے ملاقات‘ پارلیمانی امو ر اور دیگر امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مدینے کی ریاست کا مقصد ہی ملک و قوم کی بقاء ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ قانون سازی کرتے ہوئے اسلامی شعار اور اقدار کا خیال رکھنا اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے آج منگل کے روز اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری سے ہونے والی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں پارلیمانی امور سمیت اہم ایشوز سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اسد قیصر نے کہا کہ حج و عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والے زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ حجاز مقدس میں زائرین کی رہائش اور مناسک حج کے دوران پیدا ہونے والے مسائل پر سعودی حکام سے بات چیت کی جائے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے اسپیکر کو قانون سازی کے عمل میں ہر ممکن تعاون کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں ماحول کوسازگار بنانے میں آپ کی کاوشوں کو بھی سراہا۔